ڈینگی کے خلاف تمام ادارے مربوط اقدامات کریں ،انصر مجید نیازی

ہفتہ 21 ستمبر 2019 17:46

سرگودھا۔21ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2019ء) صوبائی محنت وافرادی قوت انصر مجید خان نیازی نے ڈینگی کے بارے میں حکومت کے ایس او پی پر عمل درآمد نہ کرنے والے سرکاری ونجی اداروں کے خلاف پر چے درج کروانے کی ہدایت کی ہے اور کہاکہ ڈینگی کے خلاف تمام ادارے مربوط اقدامات کریں ۔ہر فرد ہر گھر کو ڈینگی سے پاک کیاجائے ۔لاروا سائٹ کی تلاش میں دن رات ایک کر دی جائے تاکہ انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکے ۔

ڈینگی ہر تین سال بعد سراٹھاتا ہے ا س کا سراٹھانے سے قبل ہی قلع قمع کر دیاجائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روز میں منعقدہ انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ ا س موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودہا آسیہ گل ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کیپٹن (ریٹائرڈ ) شعیب علی ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل ) بلال فیروز ‘ سیکرٹری ڈی آر ٹی اے فاروق حیدر عزیز ‘ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر راؤسلیمان زاہد ‘ سی ای او ایجوکیشن ریاض قدیر بھٹی ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر شازیہ ‘ ڈی ایچ او ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی ‘ ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر غلام شبیر طاہر ‘ اے ایم ایس ڈاکٹر فاروق ‘ ڈاکٹر اصغر جنجوعہ ‘ڈی او پاپولیشن ملک آفتاب احمد ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حسین احمد گوندل ‘فشریز ‘ کنٹونمنٹ بور ڈ ‘ کارپوریشن ‘ ماحولیات او رتمام ضلعی وصوبائی محکموں کے افسران ونمائندے بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈینگی کاخاتمہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ایجنڈے کی سب سے بڑی ترجیحی ہے او را س کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے محکمہ ہیلتھ کے ساتھ ساتھ دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر ہر گھر میں نافذ کروائیں اور اس کے پھیلاوکو روکنے کیلئے مریضوں کو خصوصی ماحول میں رکھا جائے ۔اجلاس میں بر یفنگ میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی نے بتایا کہ ضلع سرگودہا میں حفاظتی تدابیر نہ اپنانے پر دو افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کر وائی جاچکی ہیں او ران کے تجارتی یونٹ کو سیل کر دیاگیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایس او پیز کے مطابق لاروا سائٹس کے گردونواح میں سولہ گھروں تک گرینولہ کیمیکل کا استعمال کیا گیاہے تاکہ لاروا او ر ویکٹر کو تلف کیا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ 2019میں شک کی بنیاد پر ضلع سرگودہا کے ہسپتالوں میں 4336مریضوں کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے دس مریضوں میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی اور طبی امداد کے بعد یہ تمام افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ اس بیماری سے ضلع میں ایک بھی ہلاکت سامنے نہیں آئی ۔

انہوں نے بتایا کہ ہر بخار ڈینگی نہیں ہوتا تاہم بخارکی طوالت کے باعث مریضوں کو شک کی بنا پر ڈینگی کے مریضوں جیسی سہولیات فراہم کر کے انہیں محفوظ بنایا جاتاہے ۔انہوں نے کہاکہ ضلع سرگودہا میں تمام ادارے فعال کر دار ادا کر رہے ہیں ۔ لوگوں میں آگہی کیلئے سیمینار اور ریلیاں منعقد کی جارہی ہیں ۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ونجی سکولوں ‘کالجوں او رہسپتالوں میں ڈینگی سے آگہی کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کئے جائیںاور بینرز آویزاں کئے جائیں جن پر ڈینگی کے بارے میں ترغیب دلائی جائے ۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ بحیثیت مسلمان ہمارا ایمان ہے کہ صفائی ہمارے دین کا حصہ ہے ۔ اس لئے ہمیں اپنی ذات میں اسلامی اسوہ اپنانے کی ضرور ت ہے۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کی مدد بھی شامل حال ہوگی او ریہ مرض وبا ء کی بجائے اپنی موت مر جائے گی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودہا نے بتایا کہ ڈینگی کے بارے میں ہفتہ وار بریفنگ حاصل کی جارہی ہے جبکہ تحصیل سطح پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز اس مسئلہ پر غو رکیلئے ہر روز اجلاس منعقدکر ہے ہیں ۔انہوں نے مزید بتایاکہ محکمہ صحت او ردیگر اداروں کے عملہ پر چیک رکھنے کیلئے تمام انتظامی افسران کو فوکل پرسن بھی مقرر رکھا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ موسم کی شدت کے ساتھ ہی ڈینگی کے خطرات ختم ہو جائیں گے۔