وزیراعلیٰ کاڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر اظہار تشویش،

سی بی سی سمیت ڈینگی کے مریضوں کے تمام ٹیسٹ مفت کرنے کا اعلان راولپنڈی کیلئے فوری طور پر 3 موبائل ہیلتھ یونٹ بھجوانے اورانسداد ڈینگی بریگیڈ کو فعال کرنے ،ہنگامی بنیادوں پر ڈاکٹرزاور دیگر سٹاف بھرتی کرنے کا حکم وزیراعلیٰ آفس میں انسداد ڈینگی سیل کا قیام ،ماہرین کی رائے سے فوگنگ یا سپرے بھی کیا جائے ،رتی بھر بھی غفلت کی گنجائش نہیں‘ عثمان بزدار صدر لاہور بار کی ملاقات،ایک کروڑ روپے گرانٹ کا چیک دیا،چکوال میں یونیورسٹی آف نارتھ پنجاب کے قیام کا فیصلہ

پیر 23 ستمبر 2019 20:20

وزیراعلیٰ کاڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر اظہار تشویش،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 ستمبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میںوزیراعلیٰ نے راولپنڈی اور لاہور میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہارکیااورانسداد ڈینگی مہم کو مزید تیزی اورموثر انداز سے آگے بڑھانے کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔

وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی بریگیڈ کوفی الفور فعال کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی بریگیڈ کی گاڑیاں سڑکوں پر نظر آنی چاہیے اور ماہرین کی رائے سے جن علاقوں میںضرورت ہو وہاں پر فوگنگ یا سپرے کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں میں سی بی سی سمیت ڈینگی کے مریضوں کے تمام ٹیسٹ مفت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو ڈینگی سے بچانے کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ڈینگی سے بچائو اور علاج کیلئے موثر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے واک ان انٹرویوز کے ذریعے ہنگامی بنیادوں پر ڈاکٹرز، نرسز اور ضروری سٹاف بھرتی کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جہاں ضرورت ہو وہاں پر میل نرسز کو بھی بھرتی کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی کیلئے فوری طور پر 3 موبائل ہیلتھ یونٹ بھجوانے کا حکم دیا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے فلٹر کلینکس کے قیام کی بھی منظوری دے دی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ آفس میں انسداد ڈینگی سیل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کی انسداد ڈینگی مہم میں ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی ریڈ زون علاقوں میں انسداد ڈینگی کے اقدامات کی مانیٹرنگ کریں گے۔انہوںنے کہا کہ ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔

انہوںنے کہا کہ غیر معمولی حالات ہیں لہٰذا متعلقہ محکمے اور انتظامی افسران ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہیں۔ ڈینگی کے مرض پر قابو پانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوںنے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی رہنمائی کیلئے ڈینگی انفارمیشن کائونٹر ز قائم کئے جائیں۔ پرائیویٹ جنرل پریکٹشنرز کی ڈینگی کے حوالے سے تربیت کا اہتمام کیا جائے۔

ہسپتالوں میں ضروری ادویات کی کمی کسی صورت نہیں ہونی چاہیئے۔ ڈسٹرکٹ و تحصیل ایمرجنسی رسپانس کمیٹیوں کو فعال اور متحرک بنایا جائے اوران کمیٹیوں میں مقامی نمائندوں اور معززین کو شامل کیا جائے۔ سرویلنس کے کام کو انتہائی موثر انداز سے سرانجام دیا جائے۔ انسداد ڈینگی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ ہوگا۔انہوںنے کہا کہ راولپنڈی اور لاہور کے ڈپٹی کمشنرز کو انسداد ڈینگی کیلئے بروقت اقدامات نہ کرنے پر تبدیل کیا گیا ہے۔

انسداد ڈینگی مہم میں غفلت کی رتی بھر بھی گنجائش نہیں۔جہاں غفلت یا کوتاہی نظر آئی وہاں پر فوری ایکشن ہوگا۔انہوںنے کہا کہ میں خود بھی فیلڈ میں نکل کر انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لوں گا۔ فیلڈ میں عملی اقدامات نظر آنے چاہئیں، خانہ پری نہیں چلے گی۔ غلط رپورٹنگ کرنے والے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔ایس او پیز پر سو فیصد عملدرآمد چاہیئے۔

جو اچھا کام کرے گا اس کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، راجہ بشارت، ہاشم جواں بخت، چیف سیکرٹری، سیکرٹریز صحت، خزانہ، لوکل گورنمنٹ، اطلاعات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں لاہور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری عاصم چیمہ نے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کیلئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری کی فلاح و بہبود کیلئے مزید اقدامات کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت ہر طبقے کی زندگی میں آسانیاں پیدا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کردار کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

میں خود وکیل ہوں اور اپنی برادری کے مسائل جانتا ہوں۔لاہور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے دیگر مسائل بھی حل کریں گے۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، محمد اخلاق، سیکرٹری قانون، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بھی اس موقع پر موجود تھے۔پنجاب حکومت نے چکوال میں یونیورسٹی آف نارتھ پنجاب کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یونیورسٹی آف نارتھ پنجاب کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت چکوال میں یونیورسٹی قائم کرے گی۔یونیورسٹی کے قیام کیلئے ڈرافٹ بل تیار کر لیا گیا ہے جسے پنجاب کابینہ کے اجلاس میں حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف نارتھ پنجاب کے قیام سے چکوال اور ملحقہ علاقوں کے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کی سہولت ملے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے موٹر وے پر کلر کہار کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے حادثے کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔