نریندر مودی کو ایوارڈ دینے پر کشمیری خاتون بل گیٹس فائونڈیشن سے مستعفی

بدھ 25 ستمبر 2019 19:19

نریندر مودی کو ایوارڈ دینے پر کشمیری خاتون بل گیٹس فائونڈیشن سے مستعفی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2019ء) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ایوارڈ دینے سے چند گھنٹے پہلے ایک کشمیری خاتون صبا حمید احتجاجاً بل گیٹس فائونڈیشن سے مستعفی ہوگئیں۔ کشمیر میڈیا سروس کی مطابق 42سالہ صبا حمید فائونڈیشن میں ایک کمیونیکیشن سپیشلسٹ کے طور پر کام کرتی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کو نوازنا بالخصوص ایسے وقت پر جب بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں 50روز سے مواصلاتی نظام معطل اورنقل وحرکت پر پابندی عائد کر رکھی ہے، ایک سنگین غلطی ہے۔

انہوںنے کہاکہ فائونڈیشن مودی کو ایوارڈ دینے کے اپنے موقف پر قائم ہے چونکہ یہ ایک نجی ادارہ ہے اس لیے میں صرف یہ کرسکتی ہوں کہ ادارہ چھوڑدوں۔ انہوںنے کہا کہ بحیثیت ایک کشمیری یہ میرے لیے ایک ذاتی مسئلہ ہے کیونکہ میرے 80لاکھ لوگ گزشتہ 50روز سے غیر اعلانیہ کرفیو کی زد میں ہیں جو طبی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وادی کشمیر میں انسانی بحران جاری ہے۔

انہوںنے کہاکہ مودی حکومت نے نہ صرف کشمیریوں کومحصور کرکے انسانی بحران پیدا کیاہے بلکہ ذرائع ابلاغ پر جھوٹ بول کر وہ مسئلے کو مزید پیچیدہ بنارہی ہے اور پورے بیانیے کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پر بڑے اجتماعات کا انعقاد اور ایوارڈز سے نوازنا اس عمل کو جائز قراردینے کے مترادف ہے۔