ڈینگی مچھرکے لاروا کے خاتمے کے لئے عوام میں آگاہی ضروری ہے، زونل ایڈمنسٹریٹر

جمعرات 26 ستمبر 2019 16:57

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2019ء) ڈینگی لا علاج مرض نہیں ہے اس سے ڈرنا نہیں بلکہ مقابلہ کرنا ہے۔ ڈینگی مچھر کے لاروا کے خاتمے کے لئے عوام میں آگاہی ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار محکمہ اوقاف سرگودھا کے زیر اہتمام جامع مسجد بلاک 1 میں انسداد ڈینگی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے زونل ایڈمنسٹریٹرچوہدری عبدالشکورنے کیا۔

انہوں نے کہا کہ علمائے کرام منبر و محراب کے ذریعے اپنے خطبات میں عوام کو اس آگاہی دیں بحیثیت مسلمان اگر ہم حضور اکرم ؐ کی حیات طیبہ پر نظر ڈالیں تو طہارت اورپاکیزگی ان کی حیات مبارکہ کا خاصہ دکھائی دے گی اپنے ارد گرد کی صفائی اخلاقی طور پر مظبوط معاشرے کی نشانی ہے اور مسلمان ہونے کے ناطے یہ ہماری مذہبی ذمہ داری ہے علماء کرام جمہ کے خطبات میں لوگوں کو اس بارے آگاہی دیں زونل ایڈ منسٹریٹر چوہدری عبدالشکور نے کہا کہ موسمی صورتحال کی وجہ سے ڈینگی کا مرض پھیل سکتا ہے حکومت پنجاب کی جانب سے ڈینگی کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے اقدامات میں ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا علماء کرام پر بھاری ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلہ میں بھی آگاہی کی فراہمی کے لئے فعال رہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر زونل خطیب قاری وقار احمد عثمانی نے کہاکہ ڈینگی کے خلاف عوام الناس میں آگاہی کے سلسلہ میں حکومت پنجاب کے شانہ بشانہ ہے اور موثر کردار ادا کرنے لئے ہمہ وقت تیار ہے ۔سیمینار سے قاری سیف اللہ،مفتی طیب سلیم،قاری احمد حسین سیالوی ،قاری محمد عبد اللہ سالک ،قاضی اظہر امین نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں کشمیر کی آذادی اور ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔