وزارت مذہبی امور میں اجلاس ،مفتی منیب الرحمن نے وزارت سائینس و ٹیکنالوجی کے بنائے گئے قمری کلینڈر کو غلط ثابت کر دیا

وزارت سائنس کے کلینڈر کے مطابق یکم صفر پیر کو ہونا تھا ، پیر کو ماہ صفر کا چاند نظر نہیں آیا ، رویت ہلال کمیٹی کے کلینڈر کے مطابق یکم صفر بروز منگل ہونی تھی جو درست ثابت ہوئی، مفتی منیب

پیر 30 ستمبر 2019 20:49

وزارت مذہبی امور میں اجلاس ،مفتی منیب الرحمن نے وزارت سائینس و ٹیکنالوجی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2019ء) وزارت مذہبی امور میں بلائے گئے اجلاس میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے وزارت سائینس و ٹیکنالوجی کے بنائے گئے قمری کلینڈر کو غلط ثابت کر دیا۔وزارت سائینس اینڈ ٹیکنالوجی کے بنائے کلینڈر کا جائزہ لینے کیلئے وزارت مذہبی امور میں وفاقی وزیر نور الحق قادری کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن،چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز اور غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت سائینس اور ٹیکنالوجی کے بنائے گئے قمری کلینڈر کا جائزہ لیا گیا جس کو مفتی منیب الرحمن نے غلط ثابت کیا، جس سے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور فواد چوہدری کے قمری کلینڈر کے حوالے سے دعوے کو غلط ثابت کیا گیا۔

(جاری ہے)

مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ وزارت سائنس کے کلینڈر کے مطابق یکم صفر پیر کو ہونا تھا لیکن پیر کو ماہ صفر کا چاند نظر نہیں آیا جبکہ رویت ہلال کمیٹی کے کلینڈر کے مطابق یکم صفر بروز منگل ہونی تھی جو درست ثابت ہوئی۔

وزارت مذہبی امور میں بلائے گئے اجلاس میں چاروں صوبوں کے محکمہ اوقاف اور وفاقی المدارس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔معاملے کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی کارروائی کو ان کیمرہ کیا گیا تاکہ معاملے کا کھل کر جائزہ لیا جائے۔ان کیمرہ اجلاس میں وزارت مذہبی امور کے وزیر نور الحق قادری نے معاملے کے حل کیلئے چھ رکنی ورکنگ گروپ بنا دیا جس میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ،سیکرٹری وفاق المدارس حینف جالندھری اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔