Live Updates

عافیہ کا نظام تعلیم ’’ طبقاتی اور رٹّا نظام تعلیم‘‘ کی موت تھا: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

’’ورلڈ ٹیچرز ڈے‘‘ کے موقع پر اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ڈاکٹر عافیہ کی رہائش گاہ پر تقریب کا انعقاد

ہفتہ 5 اکتوبر 2019 18:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2019ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ آقائے دوجہاںؐ کا یہ کہنا"انما بعثت معلما"کہ مجھے ایک معلم بنا کر بھیجا گیا ہے اس بات کی واضح دلیل ہے کہ استاد کا مقام ومرتبہ نہایت بلند وبالا ہے۔تعلیم، تجارت ہرگز نہیں ہے۔ معاشرے میں بلند و بالا مقام حاصل کرنے کیلئے یہ بات اساتذہ اور پرائیویٹ اسکول مالکان کو لازمی سمجھنا ہوگی۔

انسان جس سے بھی کچھ سیکھے وہ استاد کا درجہ رکھتا ہے اور اس کا احترام فرض ہے۔ اگر سیکھنے والا ، سکھانے والے کا احترام نہیں کرتا تو وہ علم محض ’’رٹا‘‘ ہے۔اساتذہ کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے شاگردوں کو رٹا نہیں بلکہ علم کی دولت عطا کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عافیہ موومنٹ وزیراعظم عمران خان کے ملک سے طبقاتی نظام ختم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتی ہے اور اس بات کا یقین دلاتی ہے کہ عافیہ وطن واپس آکر اپنی ماہرانہ تعلیمی صلاحیتوں سے ملک و قوم کی بھرپور خدمت کرے گی۔

عافیہ کا نظام تعلیم ’’ طبقاتی اور رٹا نظام تعلیم‘‘ کی موت تھا۔ وہ پی ایچ ڈی کرنے کے بعد وہ ہر بچے کیلئے 10 سالہ’’ ایجوکیشن سسٹم‘‘ لے کر پاکستان واپس آئی تھی مگراسے اس کے تین بچوں سمیت اٹھا کر امریکیوں کے حوالے کردیا گیا۔ اسلامی ہجری کیلنڈر کے حساب سے عافیہ کی قید ناحق و تنہائی کے 17 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ یہ صرف عافیہ کے ہی نہیں پاکستانی قوم کے 17 قیمتی تعلیمی سال ضائع ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی ’’ورلڈ ٹیچرز ڈے‘‘ کے موقع پر اساتذہ کوان کی دینی و ملی خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے گلشن اقبال میں واقع ڈاکٹر عافیہ کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کررہی تھیں۔علالت کے باوجود ڈاکٹر عافیہ کی والدہ عصمت صدیقی نے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی ۔ ’’ورلڈ ٹیچرز ڈے‘‘ کی تقریب میں دی میرٹ اسکول لانڈھی، مریم ایجوکیشن سسٹم گلشن معمار، معاخس اکیڈمک پارک سرجانی ٹائون، دی آکسفورڈ اکیڈمی نیو کراچی، المدینہ اکیڈمی نیوکراچی، الرحمان اکیڈمی 4A اور 4B سرجانی ٹائون کے منتظمین، اساتذہ اور معاخس اکیڈمک پارک کی گرلز اینڈ بوائز اسکائوٹ ٹیم نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک و نعت رسول مقبولؐسے کیا گیا اور مختلف اساتذہ نے تقاریر اور نظمیں بھی پیش کیں۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے مزید کہا کہ ’’ عافیہ کا نظام تعلیم‘‘ ملک میں ’’یکساں نظام تعلیم‘‘ رائج کرنے میں مفید ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں اور کالجوں کی حالت سدھارے بغیر تعلیم کو عام کرنے کا خواب پورا نہیں ہو سکتا ہے۔

تعلیمی معیار کو بلند کرنے کیلئے حکومت سرکاری اور پرائیویٹ اسکول کے اساتذہ کی فلاح وبہبود اور تربیت کا ملکی سطح پر مختصر اور طویل المدتی پروگرام ترتیب دے۔ اساتذہ کے احتجاج کی صورت میں حکومت کو فوری نوٹس لینا چاہئے ۔ انتظامیہ کی جانب سے اساتذہ پر لاٹھی چارج اور واٹر کینن کے ذریعے تشدد کے واقعات قابل مذمت ہیں۔ اساتذہ کے اعزاز میں تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر فوزیہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات