پشاورٹریفک پولیس نے ای ٹریفک چالان سروس متعارف کروا دی

چالان میں شفافیت کیلئے چالان بک ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو موبائل ایپ کے ذریعے ای چالان دیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس حکام

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 6 اکتوبر 2019 18:32

پشاورٹریفک پولیس نے ای ٹریفک چالان سروس متعارف کروا دی
پشاور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 اکتوبر2019ء) خیبرپختونخواہ ٹریفک پولیس نے پشاور میں ای ٹریفک چالان سروس متعارف کروا دی، چالان میں شفافیت کیلئے چالان بک ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو موبائل ایپ کے ذریعے ای چالان دیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے بعد ٹریفک پولیس پشاور نے بھی ای ٹریفک چالان سروس متعارف کروا دی۔

بتایا گیا ہے کہ ای چالان سے شفافیت آئے گی، جبکہ چالان بک ختم کردی جائے گی۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو موبائل ایپ کے ذریعے ای چالان بھیجا جائے گا۔ موبائل ایپ میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے صارفین کا ڈیٹا بھی ریکارڈ ہو گا۔ ٹریفک پولیس حکام کے مطابق ای چالان کی صورت میں صارفین کو تصدیقی ایس ایم ایس بھی موصول ہو گا۔

(جاری ہے)

تمام چالان کا ریکارڈ بھی کمپیوٹرائزڈ ہوگا۔ ٹریفک کے نظام میں بہتری آئے گی اور چالانوں میں شفافیت بھی قائم ہوسکے گی۔ دوسری جانب لاہور میں بھی ای چالان سروس کیلئے پورا سسٹم بنا دیا گیا ہے۔ تاہم ابھی لاہور کی تمام شاہراؤں پر ای ٹریفک چالان شروع نہیں کیے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد لاہور میں ای چالان سروس شروع کی جائے گی جس کے بعد باقی شہروں میں بھی اس سروس کو متعارف کروایا جائے گا۔

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عبدالرشید قمبرانی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ مرحوم سوراب سے خضدار جارہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام شہید سکندرآباد سوراب کے رہنما مولانا عبدالرشید قمبرانی ہفتہ کو جاں بحق ہوگئے، وہ حادثے کی شکار ویگن میں اگلی نشستوں پر سوار تھے جس کے باعث زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔ مولانا عبدالرشید جمعیت علمائے اسلام سوراب کے سابق امیر مولانا محمد اسماعیل کے فرزند تھے ۔