Live Updates

کیا اس وقت عمران خان کے خلاف سازش ہو رہی ہے ؟

سینئیر صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے اندر کی بات بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 10 اکتوبر 2019 14:17

کیا اس وقت عمران خان کے خلاف سازش ہو رہی ہے ؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 اکتوبر 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر تجزیہ کار و صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ اس وقت وزیراعظم عمران خان کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی لیکن اگر یہ کہا جائے کہ سب کے سب ادارے ایک پیج پر ہیں۔ تو اس چیز کی وضاحت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مثال کے طور پر عدلیہ کی کوئی شخصیت ہو اور اُن سے کہا جائے کہ کیا آپ پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیں گے ؟ تو وہ کہیں گے کہ ٹھہر جاؤ ، میرا تعلق عدالت سے ہے ، میرا تعلق عدلیہ سے ہے۔

یہ سیاسی سوال ہے اور میرا تعلق سیاست سے نہیں ہے۔ جب آئین اور قانون کی بات آئے تو مجھ سے سوال کریں۔ ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ ایک پیج پر ہونا ایک عجیب سی بات ہے۔ سب کے سب ادارے ایک پیج پر نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ ایک ادارہ ہے اور وہاں بھی کئی جماعتیں موجود ہیں ، اگر پارلیمنٹ میں بھی اختلافات ہوتے ہیں تو پھر ادارے کیسے ایک پیج پر ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں:
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد یہ کہا گیا کہ ملک کی سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے جس کے بعد کئی حکمران رہنماؤں نے بھی اپنے بیانات میں ملک کے مختلف اداروں کے ایک پیج پر ہونے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ ملک کے تمام ادارے موجودہ حکومت کے ساتھ ایک پیج پر ہیں اور حکومت کے خلاف کسی قسم کی کوئی سازش نہیں ہو رہی۔ تاہم اب ڈاکٹر شاہد مسعود نے بھی وزیراعظم عمران خان کے خلاف سازش ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سازش تو نہیں ہو رہی البتہ انہوں نے ریاستی اداروں کے ایک پیج پر ہونے پر سوالات اُٹھا دئے ہیں۔ 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات