حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی کے سہ روزہ عرس مبارک کے دوران وہ زائرین کی خدمت کے لئے خدمتگار کی حیثیت میں کام کریں گے، سید سردار علی شاہ

حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی نہ صرف سندھ بلکہ عالم انسانیت کی پہچان ہیں اور عرس مبارک کے انتظامات سنبھالنا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے، وزیر ثقافت

پیر 14 اکتوبر 2019 21:30

۹حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 اکتوبر2019ء) وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی رح کے سہ روزہ عرس مبارک کے دوران وہ زائرین کی خدمت کے لئے خدمتگار کی حیثیت میں کام کریں گے، وفاقی حکومت کی طرح نہیں کہ چادر چڑہا کر غائب ہوجائیں۔ یہ بات انہوں نے آج صوبائی وزیر لائیو اسٹاک عبدالباری پتافی، ایم پی اے قاسم سراج سومرو اور سابق ایم پی اے سید امیر حیدر شاہ کے ہمراہ حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی رح کے مزار پر چادر چڑہا کر فاتحہ خوانی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی نہ صرف سندھ بلکہ عالم انسانیت کی پہچان ہیں اور عرس مبارک کے انتظامات سنبھالنا سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ عمران اسماعیل کے بیان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر صوبوں میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا صوبوں کی ذمہ داری ہے تو یہ بالکل ٹھیک بات ہے اور اس وقت صوبے میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر گورنر صاحب کو دھرنے میں بچوں کے آنے پر اعتراض ہے تو پھر بتایا جائے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لگائے گئے دھرنے میں بچے اور خواتین کیوں شامل تھیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی پی پی مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی اصولی طور پر حمایت کرتی ہے لیکن اس ضمن میں کوئی بھی حتمی فیصلا پی پی پی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں ہوگا۔

ایک سوال پر وزیر ثقافت نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور ڈالر کی قیمتوں میں اضافے سمیت ملک کے اسٹاک مارکیٹ کی صورتحال بھی تشویش ناک ہے اور دوسری جانب جناب وزیراعظم کی تقریر پر مبارکباد دی جارہی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عرس مبارک کے دوران محکمہ ثقافت کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی مختلف پروگرامز جن میں ادبی کانفرنس، سگھڑ کچہری، زرعی و صنعتی نمائش، ملاکھڑا اور تینون روز محفل موسیقی جاری رہے گی۔

بعد ازاں وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے محکمہ ثقافت کی جانب سے شاہ جو باغ میں قائم کئے جانے والے ثقافتی گوٹھ کا افتتاح کیا جہاں انہوں نے دستکاری کے شاہکار نمونے ٹک کی رلی، اجرک کی تیاری، جنڈی کا کام اور برتھ کے کام پر مشتمل مختلف اسٹال دیکھے اور شاہ جو باغ میں شاہ کا راگ بھی سنا۔ قبل ازیں ثقافتی گوٹھ آمد پر وزیر ثقافت اور دیگر مہمانوں کا دھول اور شہنائیوں کی گونج میں شانداراستقبال کیا گیا۔

بعد ازاں وزیر لائیو اسٹاک عبدالباری پتافی اور وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے زرعی، صنعتی اور مویشیوں کی نمائش کا افتتاح کیا جہاں صوبائی وزراء کو ماہرین کی جانب سے نمائش میں موجود مختلف زرعی اجناس اور صنعتی آلات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ نمائش میں بہترین نسل کے مویشی بھیڑ، بکریاں اور گائے اور بھینسیں شرکاء کی نگاہوں کا مرکز رہے۔ نمائش میں مویشی مالکان اور زرعی، صنعتی اور مویشیوں میں دلچسپی رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔