رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں کمی ریکارڈ

منگل 15 اکتوبر 2019 21:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2019ء) رواں مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں خدمات کے شعبہ کی برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی اور اگست میں خدمات کے شعبہ کی برآمدات سے پاکستان کو 809.03 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 7.15 فیصد کم ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 2 ماہ میں خدمات کے شعبہ کی برآمدات سے پاکستان کو 871.35 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ اگست میں خدمات کے شعبہ میں برآمدات میں کمی کا تناسب 11.27 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ اعداد وشمار کے مطابق اس عرصہ میں خدمات کی درآمدات میں 10.58 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جولائی اور اگست کے دوران خدمات کی درآمدات پر 1.85 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں خدمات کے شعبہ کی درآمدات پر 1.67 ارب ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا تھا۔ گزشتہ مالی سال کے دوران خدمات کے شعبہ کی درآمدات میں مجموعی طور پر 14.9 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔