اسلام آباد میں تعینات بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنرآہلو والہ دفتر خارجہ میں طلبی

بھارتی فورسز کی طرف سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی بلا اشتعال خلاف ورزیوں پرشدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا،ترجمان دفتر خارجہ

بدھ 16 اکتوبر 2019 16:20

اسلام آباد میں تعینات بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنرآہلو والہ دفتر خارجہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) اسلام آباد میں تعینات بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنرآہلو والہ کو ایک بار پھر دفتر خارجہ میں طلب کر کے بھارتی فورسز کی طرف سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی بلا اشتعال خلاف ورزیوں پرشدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل(جنوبی ایشیاء و سارک) ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کشمنر گوروف آہلو والہ کو بدھ کو دفتر خارجہ طلب کیا اور15اکتوبر کو بھارتی فورسز کی طرف سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی بلا اشتعال خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی گئی۔

بھارتی فورسز کی جانب سے بدھ کو نیزہ پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میںکرنی گاوں کے رہائشی تین بے گناہ شہری 55سالہ غلام قادر ولد لال دین،بارہ سالہ مریم بی بی اور دس سالہ حیدر علی شہید جبکہ خاتون اور بچے سمیت دیگر8 شہری زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی کو مارٹر اور خودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دانستہ طور پر شہریوں کو نشانہ بنانا افسوسناک اور انسانی وقار اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے علاقائی امن وسلامتی کو خطرہ ہے جو کسی تذویراتی غلط فہمی کا باعث بن سکتی ہیں۔ انہوں نے بھار ت پر زور دیا کہ وہ 2003 کے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے موجودہ اور دیگر واقعات کی تحقیقات کرائے، اپنی فورسز کو جنگ بندی کا حقیقی طورپر احترام کرنے کی ہدایت کرے اور کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر امن برقرار رکھے۔