برطانوی شاہی جوڑے کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی آمد

شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے بلے بازی کے جوہر دکھائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 اکتوبر 2019 14:30

برطانوی شاہی جوڑے کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی آمد
 لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 اکتوبر2019ء) برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن لاہور پہنچ گئے ، ایئرپورٹ پر شاہی جوڑے کا استقبال گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کیا اور انہیں تحائف پیش کیے۔شاہی جوڑے کی لاہور آمد پر ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا اور بچوں نے مہمانوں کو پھول پیش کیے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ برطانوی شہزادے کا دورہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنائے گا، زندہ دلان لاہورمہمانوں کے روایتی استقبال کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دلوں میں برطانیہ کے شاہی خاندان کے لیے احترام کا رشتہ موجود ہے، آج ایک مرتبہ پھر لیڈی ڈیانا کے دورے کی خوشگوار یادیں تازہ ہوگئیں۔

(جاری ہے)

لاہور آمد کے فوری بعد شاہی جوڑا ایس او ایس ویلج پہنچ گیا جہاں شہزادہ اور شہزادی بچوں میں گھل مل گئے۔برطانوی شہزادہ ولیم اورشہزادی کیٹ مڈلٹن نے لاہورمیں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کادورہ کیا۔

اکیڈمی میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے شاہی جوڑے کا استقبال کیا ، شاہی جوڑے نے اکیڈمی میں قومی کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی ،شہزادی کیٹ میڈلٹن کو قومی ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے باﺅلنگ کروائی جب کہ شہزادہ ولیم کو فاسٹ باﺅلر حسن علی نے گیند بازی کی
بعد ازاں شاہی جوڑے نے کھلاڑیوں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائی ۔