صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ساز گار ماحول فراہم کریں گے،شہرام خان ترکئی

جمعہ 18 اکتوبر 2019 14:54

صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ساز گار ماحول فراہم کریں گے،شہرام ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سازگار ماحول فراہم کریں گے۔ شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے تمام مکتبہ فکر کے لوگ اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی روڈ پر واقع ڈائمنڈ مال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

افتتاحی تقریب میں سابق ایم این اے صابر حسین اعوان، کاروباری شخصیات، مارکیٹنگ، کنسٹرکشن اور دیگر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پشاور ہم سب کا شہر ہے اور صوبے کے ہر شہری کا پشاور سے کوئی نہ کوئی تعلق ضرور ہے اس لیے ہم سب کا یہ فرض بنتا ہے کہ اس شہر کا ہر لحاظ سے خیال رکھیں اور اسے اپنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پشاور خوبصورت ہو گا تو پورا صوبہ خوبصورت لگے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پشاور کو خوبصورت بنانے میں حکومت سمیت سرمایہ کاراور سیاستدان بھی اپنا اپنا کردار ادا کریں۔وزیر بلدیات نے کہا کہ ہم سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے میں تیزی دکھاتے ہیں تاہم کاروبار میں بہت پیچھے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے حکومت سازگار ماحول فراہم کرے گی۔

محکمہ بلدیات کی جانب سے صوبے میں ہائی رائز بلڈنگز کے حوالے سے اقدامات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلڈنگ سٹرکچر کے حوالے سے قوانین میں ترمیم لارہے ہیں جبکہ پورے صوبے میں بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جارہاہے جس کیلئے بیرونی امدادی اداروں کے ساتھ بات چیت ہو رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پشاور کی بہتری اور شہریوں کی سہولت کیلئے جو بھی اچھا کام کرے گا حکومت اس کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ وال چاکنگ شہر کو بدصورت بناتی ہے اس کی روک تھام کیلئے ایکٹ لا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :