مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی افغان صوبہ ننگر ہار میں مسجد میں دھماکوں کی شدید مذمت

شہبازشریف کا شہداء کے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا

جمعہ 18 اکتوبر 2019 23:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے افغانستان کے صوبہ ننگر ہار میں مسجد میں دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔ جمعہ کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لئے رنج وغم اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارتعزیت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کی بہیمانہ کارروائی پر افغان حکومت اور عوام سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

مسجد میں اللہ تعالی کے حضور سربسجود افراد کو نشانہ بنانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے، اسلام اور مسلمان دشمن عناصر افغانستان میں امن واستحکام نہیں چاہتے، دہشت گردی، جنگوں اور اندرونی خانہ جنگی میں بے گناہ افغانوں کا لہوپانی کی طرح بہایا گیا ہے، عالمی افواج کی موجودگی کے باوجود افغانستان میں دہشت گردی کے واقعات سوالیہ نشان ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عام شہریوں کی ہلاکتوں کی حالیہ رپورٹ انتہائی تشویشناک ہے جو تمام فریقین کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہئیے، اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند فرمائے اور متاثرہ خاندانوں کو صبر جمیل دے۔ قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔