بینکنگ کورٹ نے انور مجید، عبدالغنی مجید کے پروڈکشن آرڈرز جاری کردیئے

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 18:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اکتوبر2019ء) بینکنگ کورٹ نے اومنی گروپ کی شوگر ملز سے اربوں روپے کی چینی غائب ہونے سے متعلق انور مجید، عبدالغنی مجید کے پروڈکشن آرڈرز جاری کردیئے۔ عدالت نے محکمہ داخلہ اور اڈیالہ جیل کو ملزمان پیش کرنے کا حکم دیدیا۔کراچی کی بینکنگ کے روبرو اومنی گروپ کی شوگر ملز سے اربوں روپے کی چینی غائب ہونے سے متعلق سمٹ بینک، سندھ بینک اور نیشنل بینک کی کرمنل کمپلینٹس کی سماعت ہوئی۔

اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید اور عبدالغنی مجید کو اڈیالہ جیل سے نہیں لایا گیا۔ انور مجید کے بیٹے اور اہلخانہ میں سے بھی کوئی پیش نہ ہوا۔ عدالت نے انور مجید، عبدالغنی مجید کے پروڈکشن آرڈرز جاری کردیئے۔ عدالت نے محکمہ داخلہ اور اڈیالہ جیل کو ملزمان پیش کرنے اور علی کمال مجید، مصطفی ذوالقرنین مجید کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے صائمہ مجید، منہال مجید، نمر مجید سمیت دیگر کو بھی آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے فریقین سے 28 اکتوبر تک جواب الجواب بھی طلب کر لیا۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اومنی گروپ کی شوگر ملز کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی۔ دائر درخواستوں میں موقف اپنایا گیا تھا کہ اومنی گروپ واجبات ادا کرنے کو تیار نہیں۔ جن شرائط پر اومنی گروپ واجبات ادا کر رہا ہے وہ قابل قبول نہیں۔ شوگر ملز کے چیف ایگزیکٹو افسران اور ڈائریکٹرز کیخلاف کارروائی کی جائے۔ بینک شوریٹی کے لیے رکھا گیا چینی کا اسٹاک غائب کیا گیا۔ استغاثہ کے مطابق بینکوں کو بتائے بغیر مطلوبہ اسٹاک غائب کرنا کرمنل جرم ہے۔