پاک فوج کے خلاف تقریر پر مولانا فضل الرحمان کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی

منگل 22 اکتوبر 2019 00:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) پاک فوج کے خلاف تقریر پر مولانا فضل الرحمان کے خلاف کارروائی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں مولانا فضل الرحمان کی تقاریر اور ان کی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کرنے کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ایک شہری شاہجہاں خان خٹک کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی گئی ہے جس میں مولانا فضل الرحمان، وفاق کو بذریعہ وزیراعظم اور چیف الیکشن کمشنر سمیت چیئرمین پیمرا کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پاک فوج کے خلاف تقریر کی ، مولانا فضل الرحمان کی تقاریر اور ان کی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں اور پوچھا جائے کہ ابھی تک مولانا فضل الرحمان کی تقاریر پر کوئی ایکشن کیوں نہیں لیا گیا ۔