کراچی،گلبہار میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے،ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی

تینوں ملزمان سگے بھائی اور عادی جرائم پیشہ ہیں جوکہ چند ہفتے قبل ہی جیل سے رہا ہو کر آئے ہیں،ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم رائو

منگل 22 اکتوبر 2019 14:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) شہر قائد کے علاقے گلبہار میں پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے،ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا، ڈاکوئوں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیاگیاہے۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے گلبہارمیں پولیس اور ڈاکوئوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 1 ڈاکو ہلاک جبکہ دو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔ملزمان کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا اہلکار رضویہ تھانے کا ہے۔ ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم رائونے بتایا کہ تینوں ملزمان گھر میں ڈکیتی کی نیت سے آئے تھے۔عارف اسلم نے بتایا کہ ہلاک ملزم کی شناخت توصیف جب کہ دیگر کی راقب اور آصف کے نام سے ہوئی۔ تینوں ملزمان سگے بھائی اور عادی جرائم پیشہ ہیں جوکہ چند ہفتے قبل ہی جیل سے رہا ہو کر آئے ہیں۔