بوسنیا کی سرخ خاتون۔جو 40 سالوں سے سرخ رنگ کے ماحول میں رہ رہی ہے

Ameen Akbar امین اکبر منگل 22 اکتوبر 2019 23:46

بوسنیا کی سرخ خاتون۔جو  40 سالوں سے سرخ رنگ  کے ماحول میں رہ رہی ہے

بوسنیا کے ایک چھوٹے سے قصبے  بریزے سے تعلق رکھنے والی 67 سالہ خاتون ، زوریکا ریبرنیک،  تقریباً 40 سال سے سرخ ماحول میں رہ رہی ہیں۔انہوں نے اپنی شادی میں بھی سرخ گاؤن پہنا تھا اور لوگوں کی آخری  رسومات میں بھی سرخ کپڑے پہن کر ہی شریک ہوتی ہیں۔

زوریکا ایک ریٹائرڈ  سکول ٹیچر ہیں۔ اُن کےگھر میں ہر جگہ سرخ رنگ کیا گیا ہے۔ اُن کے گھر میں سارا فرنیچر سرخ رنگ کا ہے۔

وہ سرخ پلیٹوں میں کھاتی ہیں اور سرخ گلاسوں میں ہی پیتی ہیں۔ وہ سرخ بستر پر سرخ بیڈ شیٹ پر سوتی ہیں۔اُن کی وارڈ روب  کے سارے کپڑے  سرخ رنگ کے ہیں۔ وہ اپنے بالوں  کو بھی سرخ رنگ میں رنگتی ہیں۔ زوریکا کے گھر میں صرف ایک سفید  ہیٹر ہی واحد چیز ہے، جو سرخ نہیں ہے۔ اصل میں اُن کے شوہر  زوران نے سفید ہیٹر پر  کافی اصرار کیا تھا۔

(جاری ہے)

زوریکا  18 سال کی تھیں جب انہوں نے سرخ رنگ کی چیزیں استعمال کرنا شروع کیں۔

اپنی اسی عادت کی وجہ سے وہ مقامی طور پر کافی مشہور ہیں۔مقامی لوگ نہ صرف اُن کی عادت کے بارے میں جانتے ہیں بلکہ انہیں سرخ رنگ کی اشیا ہی تحفے میں دیتے ہیں۔بعض دفعہ تو وہ ایسے تحفے قبول ہی نہیں کرتیں جو سرخ رنگ کے نہ ہوں۔ اُ ن کا کہنا ہے کہ 18 یا 19 سال کی عمر میں انہیں ایک دم ایسا لگا کہ انہیں سرخ لباس پہننا چاہیے۔ اُن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے احساس کو بیان نہیں کر سکتیں۔

زوریکا کا کہنا ہے کہ جب بھی وہ سرخ لباس دیکھتی ہیں، اسے خریدنے کی کوشش کرتی ہیں اور  وہ اپنے ماحول کو سرخ رنگ میں ڈھالے بنا نہیں رہ سکتیں۔حد تو یہ ہے کہ وہ لوگوں کی جنازوں میں بھی سرخ لباس میں ہی شرکت کرتی ہیں۔

ایک ہی رنگ کے کپڑے پہننے کے حوالے سے زوریکا تنہا نہیں۔ بروکلین میں  رہنے والی ایک خاتون نے اپنے   ماحول کو سبز رنگ میں ڈھالا ہوا ہے جبکہ حلب میں ایک ایسا شخص بھی ہے جو پیلے رنگ کے کپڑے پہنتا ہے۔


متعلقہ عنوان :