دُبئی ایئرپورٹ پر مسافر کے سامان سے بھیڑ کا کٹا ہوا سر برآمد

ایئرپورٹ پر موجود مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 23 اکتوبر 2019 12:01

دُبئی ایئرپورٹ پر مسافر کے سامان سے بھیڑ کا کٹا ہوا سر برآمد
دُبئی(اُردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23اکتوبر2019ء) اکثر ایئر پورٹس پر سامان کی چیکنگ کے دوران ایسی ایسی چیزیں برآمد ہوتی ہیں کہ کسٹم اہلکار بھی یقین نہیں کر پاتے اورکئی بار کسی انوکھی شے کی برآمدگی پر اہلکار بھی اپنی ہنسی پر قابو نہیں رکھ پاتے۔ تاہم دُبئی ایئرپورٹ پر گزشتہ روز ایک ایسی چیز برآمد ہوئی جس نے وہاں موجود مسافروں کو خوفزدہ کر کے رکھ دیا، مگر پھر بھی کسٹم اہلکاروں نے اس چیز کے مالک مسافر کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔

واقعہ کچھ یوں ہے کہ افریقی ملک سوڈان کے دارالحکومت خرطوم سے آنے والی پرواز کے ایک مسافر کے سامان کی چیکنگ کے دوران کسٹم اہلکار کو شدید قِسم کی بُو کا احساس ہوا۔ پہلے اُسے یوں لگا جیسے مچھلی کی بُو آ رہی ہے۔ تاہم اُس نے اپنا شک دُور کرنے کے لیے مسافرسے کہا کہ وہ دونوں بیگ چیک کروائے۔

(جاری ہے)

تاہم مسافر نے دونوں میں سے ایک بیگ آگے کر دیا اور دُوسرا بیگ چیکنگ سے بچانے کی کوشش کی۔

جس کے بعد کسٹم اہلکار کا شک مزید پکا ہو گیا کہ ضرور افریقی نوجوان کے پاس کوئی ممنوعہ شے ہے۔ اُس نے نوجوان سے دُوسرا بیگ بھی لے کر اس میں موجود سامان چیک کیا تو اُس میں سے بھیڑ کی پکی ہوئی سری برآمد ہوئی۔ ایک جانور کا کٹا ہوا سر دیکھ کر وہاں موجود مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ خصوصاً ایک دو بچے رونے لگ گئے۔ کسٹم اہلکاروں نے دیگر مسافروں کو بتایا کہ اگرچہ بھیڑ کی سری لے کر آنا قانوناً جُرم نہیں ہے، تاہم ایئر پورٹس کے قواعد کے مطابق اس کی اجازت بھی نہیں ہے۔

اس لیے اس سری کو مسافر کے حوالے کرنے کی بجائے ضبط کر لیا جائے گا۔ افریقی مسافر نے بتایا کہ وہ سری کھانے کا بہت شوقین ہے اسی وجہ سے اُس نے گھر والوں سے سری تیار کروا کے اپنے سامان میں رکھوا لی تھی کہ دُبئی پہنچنے کے بعد اسے مزے لے لے کر کھائے گا۔بھیڑ کے کٹے مگر پکے ہوئے سر کی یہ تصویر بہت زیادہ وائرل ہو چکی ہے اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بہت دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :