حکومت اور فوجی قیادت قومی مفاد میں ایک پیج پر ہیں، دونوں ہم آہنگی سے تمام مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی خواہاں ہیں

وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:55

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت اور فوجی قیادت قومی مفاد میں ایک پیج پر ہیں اور دونوں ہم آہنگی سے تمام مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی خواہاں ہیں۔ انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سول اور فوجی قیادت کے درمیان خوشگوار تعلقات جمہوریت کیلئے اچھی علامت ہیں انہیں سراہا جانا چاہیے۔

علی محمد نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے یہ کہہ کر کہ مولانا فضل الرحمان کی پارٹی پرامن احتجاج کا آئینی حق رکھتی ہے بڑے پن کا مظاہرہ کیا ہے تاہم حکومت کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے اور نام نہاد مارچ کیلئے جگہ مہیا کرنے کا فیصلہ خود کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اقتدار پر قبضہ کرنے کیلئے مذہبی کارڈ کھیل رہے ہیں جبکہ دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں اپنے ہی بنائے ہوئے پلان پر غیریقینی صورتحال اور پریشانی کا شکار ہیں۔

انہوں نے سندھ کی صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی حکومت کو صوبے کی عوام کیلئے فلاح و بہبود اور ترقی کے اقدامات کرنے چاہیئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی کو بھی جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے قریباً 90 لاکھ کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے اور وہاں پر انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں ہو رہی ہیں، اپوزیشن جماعتیں کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھانے کی بجائے اپنی کرپشن کو چھپانے کیلئے احتجاج اور دھرنے کرنے میں مصروف ہیں۔