چین کے کیفے میں رنگ کیے ہوئے کتوں نے پانڈا کی جگہ لے لی

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 23 اکتوبر 2019 23:55

چین کے کیفے میں رنگ  کیے ہوئے کتوں نے پانڈا کی جگہ لے لی

چین میں ایسے بہت سے کیفے ہیں جہاں پر جانے والے گاہک مختلف پالتو جانوروں  سے گھل مل سکتے ہیں۔چین میں ایک کیفے ،کیفے پانڈا کے نام سے بھی ہے۔حالیہ دنوں میں  سوشل میڈیا صارفین اس کیفے پر کافی تنقید کر رہے ہیں۔ یہ کیفے چین کے صوبے چینگڈو میں واقع ہے۔ اس جگہ پر چین  کا مشہور  پانڈا کا ریسرچ سنٹر بھی ہے، جسے حال ہی میں عوام کے لیے کھولا گیا ہے۔

چینگڈو کے کیوٹ پیٹ گیمز نامی کیفے  کی انتظامیہ نے گاہکوں کے لیے 6  پانڈا کا بندوبست بھی کیا ہوا ہے۔ کیفے میں موجود پانڈا بظاہر دیکھنے میں تو پانڈا ہی ہیں لیکن حقیقت میں یہ 6 کتے ہیں، جن پر رنگ کیا گیا ہے۔

ان رنگ کیے ہوئے کتوں کی ویڈیو  چینی سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوگئی ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد  صارفین نے کیفے پر کافی تنقید کی ہے۔

(جاری ہے)

بہت سے لوگوں نے کتوں پر رنگ کرنے کے عمل  پرتنقید کرتے ہوئے  کہا ہے کہ  اس سے کتوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ 

تاہم کیفے کے مالک، جسے ہوانگ  کے نام سے شناخت کیا گیا ہے،  کا کہنا ہے  کہ  اُن کےکتے  کافی صحت مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ اُنہوں نے کتوں پر جو رنگ کیا ہے وہ جاپان سے درآمد کیا گیا ہے اور یہ کافی مہنگا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس رنگ کی ایک ٹیوب کی قیمت 800 یوان یا 17500 پاکستانی روپے ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  یہ رنگ 100 فیصد محفوظ ہے۔

مسٹر ہوانگ نے بتایا کہ اگرچہ   یہ کتے حقیقی پانڈا نہیں لیکن  انہیں امید ہے کہ اُن کے گاہک کیفے میں پانڈا کلچر کے تجربہ سے لطف اندوز  ہو سکتے ہیں۔

چینی کیفوں یا چڑیاگھروں میں اصل  کی جگہ نقل جانوروں کو رکھنا معمول کی بات ہے۔پچھلے سال چین کے  ایک ایسے  چڑیا گھر کی خبر سامنے آئی تھی، جس میں کتوں کو سائیبرین شیروں کے  نام سے ایک پنجرے میں رکھا گیا تھا۔ایک دوسرے واقعے میں  ایک چڑیا گھر نے کتوں کو  بھیڑیوں کے پنجرے میں رکھا تھا۔