حکومت نے عوام پر بجلی بم گرا دیا

فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ایک روپے66پیسے مہنگی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 24 اکتوبر 2019 05:43

حکومت نے عوام پر بجلی بم گرا دیا
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اکتوبر2019ء)   عوام دہائیاں دیتی رہ جائے گی اور حکمران دلاسے دیتے رہ جائیں گے۔کل بھی لوگ تڑپتے تھے اور آج بھی ترلے منتیں کرتے نظر آتے ہیں۔دووقت کی روٹی کمانا نہ صرف مشکل ہے بلکہ اب ناممکن بھی ہوتا جا رہا ہے۔جیسے جیسے بجلی گیس اور پٹرول کی قیمتیں آسمان کی طرف پرواز کرتی جا رہی ہیں ویسے ویسے غریب بھی ختم ہوتے جا رہے ہیں۔

موجودہ حکومت کی آنیاں جانیاں تو بہت ہیں مگر غربت کی چکی میں پستے عوام کے لیے کوئی ایسا مربوط پلان نہیں ہے کہ جس سے وہ باعزت زندگی گزار سکیں۔موجودہ حکومت جس دن سے آئی ہے انہوں نے مہنگائی کی گاڑی کی رفتار ہمیشہ بڑھائی ہی ہے۔ایک طرف سے سکون نہیں ملتا کہ دوسرا عذاب نازل ہو جاتا ہے۔اب پھر حکومت نے بجلی مہنگی کر دی جو کہ غریب عوام پر کسی بم سے کم نہیں۔

(جاری ہے)

غربت کے مارے عوام مہنگائی سے پہلے ہی تنگ ہیں اور اب بجلی کی قیمتوں میں اضافہ بھی ان کے لیے مصیبت بن جائے گا۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 66 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا۔نیپرا کی جانب سے بجلی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں کیا جانے والا ایک روپے 66 پیسے فی یونٹ اضافہ صارفین سے نومبر کے بجلی بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

بجلی مہنگی ہونے سے صارفین پر 22 ارب 60 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 50 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے لائف لائن صارفین پر اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا جبکہ بجلی کی نئی قیمتوں کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔اس سے قبل بھی نیپرا جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی ایک روپے 78 پیسے مہنگی کر چکا ہے۔نیپرا کو ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کیلئے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست بھی نیپرا کو موصول ہو چکی ہے جس کی نیپرا 30 اکتوبر کو سماعت کرے گی۔