حشرات کو ختم کرنے کے لیے ایک شخص نے اپنا صحن ہی اڑا دیا ۔ ویڈیو وائرل

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 27 اکتوبر 2019 23:52

حشرات کو ختم کرنے کے لیے ایک شخص نے  اپنا صحن ہی اڑا دیا ۔ ویڈیو وائرل

برازیل سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے حشرات کو  ختم کرنے کی کوشش میں اپنے صحن کو ہی دھماکے سے اڑا دیا۔اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔پچھلے جمعے کو 48 سالہ سیزرشمٹز نے اپنے گھر سے حشرات ختم کرنے کا منصوبہ بنایا لیکن اس کوشش میں اُن کا اپنا لان ہی تباہ ہوگیا۔

سیزر نے بتایا کہ اُن کی بیوی لان میں لال بیگ کی بڑھتی ہوئی تعداد سے پریشان تھیں۔

وہ  لال بیگ سے بہت ڈرتی  ہیں اس لیے انہوں نے اپنے شوہر سے انہیں مارنے کی درخواست کی۔ اُن کی بیوی کا کہنا تھا کہ  زمین کے نیچے لال بیگ کے  بلوں کو  ایک ہی بار تباہ کر دیا جائے۔

لال بیگ کے بل تباہ کرنے کے لیے  سیزر نے پہلے  بلوں میں پیٹرول ڈالا  اور اس کے بعد اسے آگ لگانے کی کوشش شروع کر دی۔اُن کے گھر میں لگے نگرانی کے کیمروں کی فوٹیج دیکھ کر پتا چلتا ہے  کہ انہوں نے کئی بار ماچس کی تیلی جلا کر لال بیگ کے بل کی طرف پھینکی۔

(جاری ہے)

چند کوششوں کے بعد ایک  تیلی نے پیٹرول کو آگ لگا دی ، جس سے لان میں کافی تیز دھماکا ہوا اور مٹی بکھر گئی۔ دھماکے سے ایک میز ہوا میں اڑی اور کتے ڈر گئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس خطرناک دھماکے سے بھی لال بیگوں کا خاتمہ نہیں ہوا۔ انہیں ویڈیو میں اِدھر اُدھر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اسی طرح کے ایک واقعے میں  پچھلے سال کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے   ایک شخص نے مکڑیوں کو بھگانے کے لیے پورے گھر کو ہی آگ لگا دی تھی۔


متعلقہ عنوان :