مولانا فضل الرحمان نے چودھری شجاعت سے ملاقات کی حامی بھر لی

ملاقات میں تمام معاملات کا حل افہام وتفہیم سے نکالنے پرتبادلہ خیال کیا جائےگا، چودھری شجاعت حسین کل اسلام آباد جائیں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 3 نومبر 2019 19:37

مولانا فضل الرحمان نے چودھری شجاعت سے ملاقات کی حامی بھر لی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔03 نومبر2019ء) سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت سے ملاقات کی حامی بھر لی، ملاقات میں تمام معاملات کا سیاسی حل افہام وتفہیم سے نکالنے پر بات چیت کی جائے گی، چودھری شجاعت حسین کل اسلام آباد جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ق کے سربراہ وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

جس میں معاملات کو افہام وتفہیم سے حل کرنے کی درخواست کی گئی۔ ذرائع جے یوآئی ف سے معلوم ہوا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے چودھری شجاعت سے ملاقات کی حامی بھر لی۔ چودھری شجاعت حسین کل اسلام آباد جائیں گے۔ اسی طرح چودھری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں آپ نے میلہ لوٹ لیا ہے۔

(جاری ہے)

شہبازشریف کا دھرنے میں کوئی کردار نہیں ہے۔ شہبازشریف کی حیثیت ”جمعہ جنج نال“ والی ہے۔ شہبازشریف حادثاتی اور آپ واقعاتی طور پر اپوزیشن لیڈر بن گئے ہیں۔ اب اصل اپوزیشن لیڈر مولانا فضل الرحمان ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ مولانا نے دونوں بڑی جماعتوں کو اپنے پیچھے لگا لیا ہے۔ اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں نے آپ کو اپنا لیڈرتسلیم کرلیا۔

چودھری شجاعت نے کہا کہ آپ کی بات سے فوج کیخلاف جو تاثر گیا ، وہ غلط ہے۔آپ اس تاثر کو مٹانے کی کوشش کریں۔ چودھری شجاعت نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو معاملات افہام وتفہیم سے حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔آپ مفاہمت سے معاملات حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آپ ایسے باپ کے بیٹے ہیں جو سیاسی شعور رکھتے تھے اور معاملات کو مفاہمت سے حل کرتے تھے۔

مفتی محمود ملکی مفاد کی خاطر افہام وتفہیم سے معاملات حل کرنے پر یقین رکھتے تھے۔ اسی طرح حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ہے، جس میں انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے درخواست کی ہے کہ معاملات کو مذاکرات کے ذریعے افہام وتفہیم سے حل کیا جاسکتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے پرویز الٰہی کو بات چیت کیلئے مثبت اشارہ دیا۔