نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے سینئر ملٹری افسران کا سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ

ْسکیورٹی، سرویلنس اور ویڈیو ایویڈنس بارے بریفنگ ؛ مختلف شعبہ جات کاتفصیلی دورہ کروایاگیا

پیر 4 نومبر 2019 23:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2019ء) نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں 22دوست ممالک سے آئے سینئر ملٹری افسران کے وفد نے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا۔ وفد میں سینئر ملٹری افسران کیلئے ڈیزائن کردہ ’’ نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس--‘‘ کے 110 افسران شریک تھے ۔ اتھارٹی آمد پر مینیجنگ ڈائریکٹر علی عامر ملک، چیف آپریٹنگ آفیسراکبر ناصر خان اورسی سی پی اولاہور بی اے ناصر نے وفد کوسیف اینڈ سمارٹ سٹی بارے بریفنگ دی۔

چیف ایڈمنسٹریشن آفیسر محمد کامران خان نے سینئر افسران کو اتھارٹی کے مختلف شعبہ جات کاتفصیلی دورہ کروایا اورسکیورٹی، سرویلنس اور ویڈیو ایویڈنس کی ترسیل بارے بریف کیا۔ اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سینئر ملٹری افسران کا کہنا تھا کہ سیف سٹیزاتھارٹی کی انٹیگریشن اور ورکنگ مثالی ہے اور ایسا جدید منصوبہ دنیا بھر میں نہیں دیکھا۔

(جاری ہے)

وفد کے سربراہ نے کہا کہ دنیا کے بائیس ممالک سے آئے یہ سینئر ملٹری افسران اتھارٹی کے دورے کے بعدپاکستان کا مثبت امیج لے کرجارہے ہیں۔ سیف سٹی کا دورہ کرنے والے سینئر ملٹری افسران کا تعلق مصر، اردن، نیپال، سری لنکا، عراق، کویت، سوڈان، سعودیہ عرب ، نائجیریا اور دیگر دوست ممالک سے تھا۔ دورے کے اختتام پر سیف سٹیزانتظامیہ کی جانب سے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی وفد کے سربراہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔