حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں سے اہم ریاستی ادارے بھی محفوظ نہیں رہ سکے، سید مصطفی کمال

منگل 5 نومبر 2019 22:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 نومبر2019ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں سے اہم ریاستی ادارے بھی محفوظ نہیں رہ سکے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ خسارہ برداشت کرنا پڑا۔ روپے کی قدر گرنے کی وجہ سے بڑی کارخانوں سے لے کر غریبوں کے گھر کا چولہا تک متاثر ہوا ہے۔

پھر بھی مسائل کے حل کی جانب حکومتی رویہ انتہائی غیر سنجیدہ ہے جو کہ وفاقی حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کورنگی، رحیم آباد، یوسی 29، کی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، غریبوں کے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں، لوگ اپنے خاندانوں سمیت خودکشی پر مجبور ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کو چلانے والے شہر کراچی سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے کے باوجود کسی بھی قسم کی سہولیات سے محروم ہے جبکہ حکومت اپنے وعدوں کی نفی کرتے ہوئے سب اچھا ہے کی رٹ لگا رہی ہے۔ حکمرانوں کو عوام کے مسائل کا ادراک تک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی ہی ان حالات میں ملک بھر کی عوام کی واحد امید ہے کیونکہ ہمیں لوگوں کے مسائل کا نا صرف ادراک ہے بلکہ تمام مسائل حل کرنے کا طریقہ کار سے واقف ہے۔ عوام ہمارے کردار اور صلاحیتوں کا علم رکھتے ہیں، انہیں یقین ہے کہ ہم ہی پاکستان کے تمام مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔