Live Updates

جاتی امرا پہنچنے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 26 ہزار ہو گئی

ڈاکٹر عدنان نے جاتی امرا میں نواز شریف کے لیے بنائے گئے میڈیکل یونٹ کی تصاویر بھی شئیر کر دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 6 نومبر 2019 15:49

جاتی امرا پہنچنے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 نومبر 2019ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف جاتی امرا پہنچ گئے۔ نواز شریف کے جاتی امرا پہنچنے پر ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے جاتی امرا میں نواز شریف کے لیے بنائے گئے میڈیکل یونٹ کی تصاویر بھی شئیر کیں۔ ٹویٹر پیغام میں ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ نواز شریف کو مزید علاج کے لیے شریف میڈیکل سٹی کے خصوصی میڈیکل بورڈ کی زیر نگرانی منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کے لیے جدید آلات سے لیس میڈیکل یونٹ بنایا گیا ہے جہاں چوبیس گھنٹے اسٹاف بھی موجود ہو گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نواز شریف کی طبیعت بدستور ناساز ہے جبکہ ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 26 ہزار ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اب سے کچھ دیر قبل سروسز اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا جس کے بعد انہیں ان کی رہائشگاہ جاتی امرا منتقل کر دیا گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی رہائش گاہ جاتی امرا پہنچے تو کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی جاتی امرا میں موجود تھی جنہوں نے نواز شریف کے گھر پہنچنے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور اپنے قائد کے حق میں نعرے لگائے ۔ طویل عرصہ کے بعد اپنے گھر پہنچنے پر سابق وزیراعظم نواز شریف نے قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ میاں نواز شریف نےاپنے والد میاں شریف, اہلیہ بیگم کلثوم نواز اور بھائی عباس شریف کی قبر پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی۔

اور اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کی والدہ شمیم اختر، بھائی شہباز شریف اور صاحبزادی مریم نواز بھی موجود تھیں۔یاد رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کو سروسز اسپتال سے روانہ کیا گیا۔ سروسز اسپتال سے روانگی کے وقت ان کے ہمراہ مریم نواز ، ان کی والدہ اور ڈاکٹر عدنان بھی موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات