جے یو آئی ف نے ملک کی گلی گلی میں دنگا فساد کرنے عندیہ دے دیا

ہم ایک بند گلی میں پھنس گئے ہیں، حکومت کو ہمارے مارچ کو سنجیدہ لینا ہوگا ورنہ پورے ملک میں افراتفری مچ جائے گی: مولانا فضل الرحمان کی دھمکی

muhammad ali محمد علی جمعرات 7 نومبر 2019 23:25

جے یو آئی ف نے ملک کی گلی گلی میں دنگا فساد کرنے عندیہ دے دیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 نومبر2019ء) جے یو آئی ف نے ملک کی گلی گلی میں دنگا فساد کرنے عندیہ دے دیا، مولانا فضل الرحمان کی دھمکی، کہتے ہیں کہ ہم ایک بند گلی میں پھنس گئے ہیں، حکومت کو ہمارے مارچ کو سنجیدہ لینا ہوگا ورنہ پورے ملک میں افراتفری مچ جائے گی۔ تفصیلات کے مولانا فضل الرحمان کی جماعت جے یو آئی ف نے دھمکی دی ہے کہ اگر حکومت نے ان کے مارچ کو سنجیدہ نہ لیا تو پھر ملک کی گلی گلی میں دنگا فساد ہوگا۔

ملک میں جو کچھ ہو گا پھر اس کے بعد لوگ ماڈل ٹاون واقعے کو بھول جائیں گے۔ مولانا فضل الرحمان نے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب ایک بند گلی میں جا چکے ہیں۔ مولانا نے حکومت کو دھمکی دی ہے کہ ان کے مطالبات قبول نہ کیے گئے تو پھر ملک بھر میں افراتفری مچے گی۔

(جاری ہے)

مولانا نے کہا ہے کہ حکومت ان کےمطالبات قبول کرے اور 2 سے 3 ماہ کے اندر اندر نئے انتخابات کا اعلان کرے۔

وہ حکومت کی جانب سے کسی بھی کمیٹی یا کمیشن کے قیام کو قبول نہیں کریں گے۔ ان کے مطالبات واضح ہیں ان سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ جبکہ دوبارہ انتخابات کے بعد بھی تحریک انصاف ہی اقتدار میں آئی تو دوبارہ انہیں قبول نہیں کریں گے۔ ہم دیوار سے لگے ہوئے ہیں واپسی کا راستہ نہیں ہے۔ ہم گولیاں بھی کھائیں گے اور شہادتی بھی دیں گے۔ ہم سوچ سمجھ کر اسلام آباد آئے تھے۔

مولانا فضل الرحمان نے یہ تک کہہ دیا ہے کہ اگر ملک کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا تو پھر ملک کو فارغ کر دیں۔ جبکہ جے یو آئی ف کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد نے دھمکی دی ہے کہ اگر حکومت ان کے مارچ کو سنجیدہ نہیں لیتی تو پھر یہ مارچ ان کے گلے پڑ جائے گا۔ گلی گلی میں دنگا فساد ہو گا۔ ہم لوگ جانیں دینے کیلئے تیار ہیں تاہم سیکورٹی فورسز کیساتھ نہیں الجھیں گے۔