مظفرگڑھ، مہندی کی رسم میں فائرنگ، گولی لگنے سے دولہن کی بہن جاں بحق

جمعہ 8 نومبر 2019 17:16

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 نومبر2019ء) نشہ میں دھت دولہے کے دوست کی مہندی کی رسم میں فائرنگ، گولی لگنے سے سٹیج پر بیٹھی دولہن کی شادی شدہ بہن جاں بحق ہو گئی، شادی والا گھر ماتم کدہ بن گیا۔

(جاری ہے)

یہ افسوس ناک واقعہ گزشتہ شب خان گڑھ سے 6 کلومیٹر دور منڈا چوک پر پیش آیا. سول کورٹ مظفرگڑھ میں تعینات بیلف منیر حسین کی بیٹی کی شادی کی مہندی کی تقریب گزشتہ شب جاری تھی جبکہ دولہا کاشف کے دوست مبینہ طور پر شراب کے نشہ میں دھت ہو کر شریک تھے، اس دوران جگت پور کے رہائشی عابد حسین نے فائرنگ شروع کر دی، جس سے گولیاں سٹیج پر بیٹھی دولہن کی بہن صائمہ بی بی کو جا لگیں اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی جس سے شادی والہ گھر ماتم کدہ بن گیا جبکہ ملزم عابد فرار ہو گیا، مقتولہ دو بچوں کی ماں تھی اور وہ شاہ جمال سے اپنی فیملی کے ہمراہ اپنی بہن کی شادی میں شرکت کے لئے آئی ہوئی تھی۔

اطلاع ملنے پر خان گڑھ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کارروائی کا آغاز کر دیا جبکہ دولہا کاشف کو حراست میں لے لیا گیا۔