Live Updates

دربار صاحب کے تاریخی افتتاح کے موقع پر وزیراعظم اور وفاقی حکومت بھی خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں، سیف اللہ نیازی

ہفتہ 9 نومبر 2019 15:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2019ء) چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے کہاہے کہ دربار صاحب کے تاریخی افتتاح کے موقع پر وزیراعظم اور وفاقی حکومت بھی خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ہفتہ کو کرتارپور کے افتتاح کے موقع پر چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اللہ خان نیازی نے خصوصی پیغام میں کہاکہ سکھ مذہب کے دنیا بھر میں بسنے والے پیروکاروں کو کرتار پور دربار صاحب مبارک۔

انہوںنے کہاکہ دربار صاحب کے تاریخی افتتاح کے موقع پر وزیراعظم اور وفاقی حکومت بھی خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوںنے کہاکہ باباگرونانک دیو جی سے منسوب دربار صاحب کو سکھوں کیلئے کھولنا بڑا کارنامہ ہے۔انہوںنے کہاکہ کرتارپور کی زیارت کیلئے آنے والے زائرین معزز مہمان ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ روشن آنکھوں اور کشادہ دلوں سے اپنے مہمانوں کا استقبال کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ اسلام امن و سلامتی اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔انہوںنے کہاکہ مسلم صوفیاء کی طرح بابا گرونانک دیو جی کی تعلیمات بھی تزکیہ نفس اور تکریم انسان سے مزین ہیں۔انہوںنے کہاکہ مودی کے بھارت میں بابا گرونانک کی تعلیمات کو اجنبی بنایا جارہا ہے، مودی کا بھارت خوف، بربریت اور ہندوتوا جبکہ عمران خان کا پاکستان تکریم انسانیت اور مذہبی رواداری کی علامت بن کرابھرا ہے۔

انہوںنے کہاکہ نفرت اور تعصب کا مارا ٹولہ ہندوستان میں ریاستی قوت کے بل بوتے پر غیر ہندوؤں پر عرصہ حیات تنگ کئے ہوئے ہے۔انہوںنے کہاکہ فاشسٹ مودی سرکار کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم کی انتہاء کئے ہوئے ہے، مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی سرکار ساورکر کی بجائے باباگرونانک کی تعلیمات سے رہنمائی لیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات