تھانہ انڈسٹریل ایریا پولیس کا منشیات و شراب فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، چار ملزمان گرفتار، قبضے سے 320گرام ہیروئن، 210 گرام چرس، 120لیٹر شراب، بوتلیں، سٹکر اور دیگر سامان برآمد

ہفتہ 9 نومبر 2019 22:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 نومبر2019ء) تھانہ انڈسٹریل ایریا پولیس نے منشیات و شراب فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے، ملزمان کے قبضے سے 320گرام ہیروئن، 210 گرام چرس، 120لیٹر شراب، بوتلیں، سٹکر اور دیگر سامان بھی برآمد کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد عامر ذوالفقار خان کے خصوصی احکامات پر ڈی آئی جی آپریشنز وقارالدین سید نے ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت دی تھی، ان ہدایات پر ایس پی انڈسٹریل ایریا زبیر احمد شیخ نے اے ایس پی عبدالوہاب کی زیرنگرانی انسپکٹر عبدالجبار معہ جوانوں پر پولیس ٹیمیں تشکیل دیں، پولیس ٹیموں نے مختلف کارروائیوں کے دوران تین منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے 320گرام ہیروئن اور 210 گرام چرس برآمد کر لی، ملزمان میں کامران ولد برکت مسیح سکنہ رمشا کالونی، عرفان مسیح ولد نیامت مسیح سکنہ رمشا کالونی اور شامون مسیح ولد کرامت مسیح سکنہ رمشا کالونی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ ایک اور پولیس ٹیم نے سپیشل چیکنگ کے دوران شراب فروش عنصر جاوید کو گرفتار کرلیا،ملزم بدنام زمانہ شراب فروش فلک شیر جو کہ پہلے ہی جیل میں ہے کا بھائی ہے،ملزم کے قبضے سے 120 لیٹر دیسی شراب، بوتلیں، سٹکر، بھی برآمد کر لئے اور گاڑی بھی قبضہ پولیس میں لے لی، ملزمان کے خلاف تھانہ آئی نائن میں الگ الگ مقدمات درج کرلئے گئے ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ایس پی انڈسٹریل ایریا زبیر احمد شیخ نے بتایا کہ دھرنا ڈیوٹی کے باوجود انڈسٹریل ایریا زون پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائیاں جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام تر ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے، آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان اور ڈی آئی جی آپریشنز وقارالدین سید نے انڈسٹریل ایریا پولیس کی بڑی کارروائی پر شاباش دی۔