Live Updates

ملک بھر میں عید میلادالنبیﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، عاشقان رسول ﷺ نے ملک بھر میں سرکاری و نجی عمارتوں، مساجد اور گلی محلوں کو سجا دیا، میلاد ریلیوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ خصوصی طور پر تیار کئے گئے سینکڑوں من وزنی کیکس بھی کاٹے جائیں گے

اتوار 10 نومبر 2019 10:20

اسلام آباد ۔ 10نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2019ء) ملک بھر میں عید میلادالنبیﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے، عاشقان رسول ﷺ نے ملک بھر میں سرکاری و نجی عمارتوں، مساجد اور گلی محلوں کو سجا دیا، میلاد ریلیوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ خصوصی طور پر تیار کئے گئے سینکڑوں من وزنی کیکس بھی کاٹے جائیں گے۔ ملک بھرمیں آج (اتوار) کو عید میلاد النبیﷺ مذہبی عقیدت واحترام سے منائی جارہی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں دن کاآغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد مسلم امہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ نبی آخرالزمان ﷺ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی کانفرنسز، تقریبات اور محافل میلاد کا اہتمام کیاجارہا ہے جن میں آقا دو جہانﷺ کی حیات طیبہ اور تعلیمات پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں۔

(جاری ہے)

عیدمیلاد النبیﷺ کے سلسلے میں بین الاقوامی رحمت الاالعالمینﷺ کانفرنس آج اسلام آباد میں ہوگی جس کا اہتمام وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے کیا ہے۔ رواں سال کانفرنس کا موضوع '' حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں ریاست مدینہ اور جدید اسلامی فلاحی ریاست کا تصور،، منتخب کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کانفرنس کی افتتاحی نشست جبکہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اختتامی نشست کی صدارت کریںگے۔

ملکی و غیر ملکی ممتاز علماء ومشائخ، مذہبی دانشور اور غیر ملکی سفیر کانفرنس میں شرکت کریںگے اور حضرت محمدﷺ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوئوں اور تعلیمات پر روشنی ڈالیںگے۔ سیرت کی کتابوں، مقالہ سیرت اور نعت خوانی کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں اعزازات اور انعامات بھی تقسیم کئے جائیںگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات