نوجوان کرکٹر محمد محسن دنیا کا بہترین آلراوٴنڈر بننے کے خواہاں

گرین شرٹ زیب تن کرنا خواب تھا، اپنی جارحانہ بلے بازی اور بہترین اسپن باوٴلنگ سے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتا ہوں،آلراوٴنڈر محمد محسن

بدھ 13 نومبر 2019 15:20

نوجوان کرکٹر محمد محسن دنیا کا بہترین آلراوٴنڈر بننے کے خواہاں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 نومبر2019ء) ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سوات سے تعلق رکھنے والے آلراوٴنڈر محمد محسن کوقومی ایمرجنگ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ کے جارحانہ مزاج بلے بازمحمد محسن لیگ اسپن باوٴلنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ نوجوان آلراوٴنڈر نے اپنے کرکٹ کیرئیر کا آغاز 2011میں انڈر 19 کرکٹ سے کیا۔

2013 میں سینئر انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹ کھیلنے والے محمد محسن نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنے فرسٹ کلاس کیرئیر کا آغاز 2015 میں کیا۔
گذشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں پشاور ریجن کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد محسن نے 4 میچوں میں33 کی اوسط سے264 رنز بنائے۔ ایونٹ میں واحد سنچری اسکور کرنا نوجوان آلراوٴنڈر کے مختصر کیرئیر کا یادگار لمحہ رہا۔

(جاری ہے)

محمد محسن کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں اسلام آباد کے خلاف 140 رنز کی اننگز انہیں آج بھی یاد ہے۔

دوسری اننگز میں نوجوان کرکٹر کی سنچری کی بدولت پشاور نے میچ میں 5وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
13 ٹی ٹونٹی میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کرنے والیآلراوٴنڈر محمد محسن نے گذشتہ ماہ فیصل آباد میں کھیلے جانے والے قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے 7 میچوں میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کی۔قومی ایمرجنگ ٹیم میں شمولیت پر نوجوان آلراوٴنڈر کا کہنا ہیکہ گرین شرٹس زیب تن کرنا ان کا خواب تھا۔

وہ کرکٹ کو اپنا اوڑھنا بچھونا سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دنیا کے بہترین آلراوٴنڈر بننے کے خواہشمند ہیں۔ محمد محسن نیکہا کہ جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرزاور انگلینڈ کے بین اسٹوکس ان کے آئیڈیل کرکٹرز ہیں۔
بنگلہ دیش روانگی سے قبل قومی ایمرجنگ ٹیم نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں منعقدہ 3 روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کی۔

اس موقع پرنوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ وہ اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں قومی ایمرجنگ ٹیم کی نمائندگی کے لیے بے تاب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ این سی اے کوچز کی زیرنگرانی تربیتی کیمپ میں انہیں اپنی خامیوں پر قابو پانے کا موقع ملا ، کوشش ہے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔


محمد محسن کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے ہی کھیلوں کے شوقین تھے۔ وہ کرکٹ کے علاوہ اسکول اور کالج کی سطح پر اسکواش، بیڈمنٹن اور فٹبال کے مقابلوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ انہوں نے کہاکہ وہ آج بھی3 گھنٹے پریکٹس اور جم ٹریننگ کے بعد اسکواش اور بیڈمنٹن کھیلنے کا شوق رکھتے ہیں۔ نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ وہ کھیل کے ساتھ ساتھ پڑھائی بھی جاری رکھے ہوئے اور حال ہی میں انہوں نے کمپیوٹر سائنس میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔


اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں محمدمحسن کیعلاوہ آلراوٴنڈر حسن محسن بھی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔
اسکواڈ:
سعود شکیل (کپتان)، روحیل نذیر (نائب کپتان)(وکٹ کیپر)، حیدر علی، عمیر بن یوسف، حسن محسن، خوشدل شاہ، سیف بدر، عمران رفیق، محمد محسن، عاکف جاوید، محمد حسنین، ثمین گل، عماد بٹ، محمد اسداور عمر خان۔
ریزرو:
حسین طلعت، عادل امین، محمد حارث اور عامر علی۔


ٹیم منیجمنٹ:
اعجاز احمد (منیجرکم ہیڈ کوچ)، راوٴ افتخار انجم (باوٴلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) اور یونس بٹ (سیکورٹی منیجر)۔
شیڈول:
14نومبر: پاکستان بمقابلہ افغانستان
16نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا
18نومبر: پاکستان بمقابلہ اومان
20نومبر: پہلا سیمی فائنل
21نومبر: دوسرا سیمی فائنل
23نومبر: فائنل