کراچی میں کے فور منصوبے کی فوری تکمیل چاہتے ہیں: خرم شیرزمان

سندھ اور کراچی سے روزانہ دکھ کی خبریں ملتی ہیں، کراچی میں10ماہ میں 31لوگوں کو قتل کیا گیا،رہنما تحریک انصاف

بدھ 13 نومبر 2019 16:38

کراچی میں کے فور منصوبے کی فوری تکمیل چاہتے ہیں: خرم شیرزمان
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2019ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ وزیراعلی سندھ اپنی حکومت کا ایک کام بتادیں جو کیا ہو، کراچی میں کے فور منصوبے کی فوری تکمیل چاہتے ہیں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی میڈیا سے گفتگو پر ردعمل میں خرم شیرزمان نے کہا کہ سندھ اور کراچی سے روزانہ دکھ کی خبریں ملتی ہیں، کراچی میں10ماہ میں 31لوگوں کو قتل کیا گیا، مراد علی شاہ نے کہا کے فور پراجیکٹ بند ہونے کی وجہ وفاق ہے، وزیراعلی کو کے فور سے متعلق جھوٹا بیان دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے پہلے صوبائی وزیر خزانہ تھے، وزیراعلی سندھ نے جتنا نقصان پہنچایا اتنا پہلے کسی نے نہیں پہنچایا، کسی خاتون کو بھی وزیراعلی سندھ بنا دیں تو وہ بھی اچھا کام کرلیں گی، گرین لائن تاخیر کا شکار ہے تو اس کی ذمہ دار بھی سندھ حکومت ہے۔

(جاری ہے)

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیراعلی سندھ نے اسمبلی فلور پر کہا ڈیزائن کے اندر خرابیاں ہیں۔

خرم شیر زمان نے مولانا فضل الرحمان سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا صاحب کو کس چیز کی جلن ہے، ریاست کسی کی جائیداد نہیں، پاکستان ترقی کی طرف جارہا ہے مولانا صاحب کو یہ تکلیف ہے، وہ پاکستان کو پیچھے دھکیلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اداروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہمار اپلان بی بھی تیار ہوگا۔پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی نے بتایا کہ غریب طبقے کے لیے روزانہ اچھے پروگرامز آرہے ہیں، ڈالر نیچے آنے کی رفتار میں اور تیزی آئے گی، پاکستان میں پنجاب اور کے پی بہتری کی جانب گامزن ہیں، ایسا کوئی وزیر نہیں جس کے خلاف محکمانہ کارروائی نہیں ہورہی ہو۔