نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنے کا حکومتی فیصلہ ناقابل فہم ہے، ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب

شہباز شریف نے پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس آج جمعرات کوطلب کرلیا، آئندہ کی حکمت عملی پر سینئر قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا ، سہہ پہر تین بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے

بدھ 13 نومبر 2019 23:29

نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنے کا حکومتی فیصلہ ناقابل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنے کا حکومتی فیصلہ ناقابل فہم ہے کیونکہ ضمانت کے وقت تمام آئینی و قانونی تقاضے پورے اور ضمانتی مچلکے جمع کرائے جاچکے ہیں۔ بدھ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کو مشروط کرنے کی پاکستان کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

سکیورٹی بانڈ جمع کرانے کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنا واضح موقف پیش کر چکی ہے، ہمیں حکومتی فیصلہ منظور نہیں۔ ایک طرف حکومت محمد نوازشریف کی صحت کی سنگینی کا اعتراف کر رہی ہے اور دوسری طرف ان کے بیرونِ ملک فوری علاج میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ نواز شریف کے علاج میں ہر لمحہ انتہائی قیمتی ہے اور اسے تاخیری حربوں کی نظر کرنا بدترین ظلم اور زیادتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارٹی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس آج جمعرات کوطلب کرلیاہے جس میں آئندہ کی حکمت عملی پر سینئر قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا اجلاس کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف کل سہہ پہر تین بجے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔