گیلپ پاکستان کا تازہ ترین سروے، عوام کی اکثریت نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی حامی

53 فیصد لوگوں نے قائد مسلم لیگ ن کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی حمایت کی جبکہ 44 فیصد اس کے مخالف

muhammad ali محمد علی جمعرات 14 نومبر 2019 22:31

گیلپ پاکستان کا تازہ ترین سروے، عوام کی اکثریت نواز شریف کو علاج کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 نومبر2019ء) گیلپ پاکستان کا تازہ ترین سروے، عوام کی اکثریت نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی حامی، 53 فیصد لوگوں نے قائد مسلم لیگ ن کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی حمایت کی جبکہ 44 فیصد اس کے مخالف ۔ تفصیلات کے مطابق گیلپ پاکستان کی جانب سے ایک سروے کروایا گیا ہے جس میں عوام سے نواز شریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق سوال کیا گیا۔

سروے میں عوام کی اکثریت یعنی 53 فیصد لوگوں نے اس بات کی حمایت کی کہ نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔ جبکہ عوام کی بڑی تعداد یعنی 44 فیصد نے نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کی مخالفت بھی کی۔ تاہم جہاں ایک جانب اس حوالے سے عوام نے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے، وہیں دوسری جانب اس حوالے سے حکومت اور مسلم لیگ ن کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

(جاری ہے)

حکومت اپنے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے اور واضح کیا ہے کہ جب تک نواز شریف گارنٹی نہیں دیتے، انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کی غرض سے 4 ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دی ہے۔ نواز شریف کی بیرون ملک روانگی اس بات سے مشروط ہے کہ اگر نواز شریف یا شہباز شریف 7 یا ساڑھے 7 ارب روپے کے پیشگی ازالہ بانڈ جمع کرادیتے ہیں تو وہ باہر جاسکتے ہیں اور اس کا دورانیہ 4 ہفتے ہوگا جو قابل توسیع ہے۔

جبکہ اس معاملے پر مسلم لیگ ن بھی اپنے موقف پر ڈٹی ہے اور کہتی ہے کہ کسی صورت حکومت کو کوئی گارنٹی نہیں دی جائے گا۔ حکومت کو گارنٹی دینا کا مطلب ہو گا کہ نواز شریف پر لگنے والے الزامات درست ہیں۔ جبکہ مسلم لیگ ن نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے عدالت سے بھی رجوع کر لیا ہے۔