نواز شریف منگل کو لندن روانہ ہوں گے: مریم اورنگزیب

سابق وزیراعظم کو لے جانے کیلئے ائیرایمبولینس منگل کی صبح پاکستان پہنچے گی، نواز شریف کو سفر کے قابل بنانے کیلئے ڈاکٹرز نے لائحہ عمل طے کرلیا ہے:ترجمان مسلم لیگ ن

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 17 نومبر 2019 11:52

نواز شریف منگل کو لندن روانہ ہوں گے: مریم اورنگزیب
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 نومبر2019ء) : ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف منگل کو لندن روانہ ہوں گے۔ مریم اورنگزیب کے مطابق سابق وزیراعظم کو لے جانے کیلئے ائیرایمبولینس منگل کی صبح پاکستان پہنچے گی جبکہ نواز شریف کو سفر کے قابل بنانے کیلئے ڈاکٹرز نے لائحہ عمل طے کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ڈاکٹرز نے آج بھی نواز شریف کا معائنہ کیا ہے، انکو بلیڈ پریشر، شوگر، دل اور دوسرے طبی مسائل سے بچانے کیلئے ادویات دی جارہی ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دعا کریں کہ سفر بخیر رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹرز کی جانب سے نواز شریف کو سٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دینے کا عمل جاری ہے تا کہ سفر کے دوران پلیٹ لیٹس کم نہ ہوں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ فیصلے کے متن کے مطابق نواز شریف کو علاج کیلئے اجازت 4ہفتوں کیلئے بیرونِ ملک رکنے کی اجازت ہوگی لیکن اس مدت میں توسیع ہو سکتی ہے۔

فیصلے میں بتایا گیا کہ دونوں فریقین کے سامنے 5نقاط رکھے گئے جس کے بعد اب ایڈمنی بانڈ کی شرط کو معطل کیا جاتا ہے۔ عدالت نے حکم دیا کہ نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالا جائے اور انہیں بغیر کسی شرط کے بیرونِ ملک جانے دیا جائے۔ اس کے ساتھ ہی نواز شریف کی درخواست کو سماعت کیلئے منظور کر لیا گیا اور درخواست پر سماعت جنوری تک ملتوی کردی گئی ہے۔ دوسری جانب تازہ ترین صورتحال کے مطابق نوازشریف کو انجائنا کی تکلیف شروع ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک بار پھر دل میں تکلیف شروع ہو گئی ہے، ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ اگر نواز شریف کو تکلیف زیادہ ہوئی تو ان کی بیرونِ ملک روانگی میں تاخیر ہو سکتی ہے۔