صرف 9 سال کی عمر میں یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے والا ذہین بچہ

Ameen Akbar امین اکبر پیر 18 نومبر 2019 23:52

صرف 9 سال کی عمر میں یونیورسٹی سے گریجویشن کرنے والا ذہین بچہ
سکول سے باہر لاؤرینٹ سائمنز ایک عام 9 سالہ بچے کی طرح نظر آتے ہیں۔ بیلجیم سے تعلق رکھنے والے  لاؤرینٹ ویڈیو گیمز جیسے  فورٹ نائٹ اور مائنز کرافٹ کھیلتے ہیں، سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں اور سفر کرتے ہیں۔لیکن جب تعلیم کی بات ہو تو انہوں نے اپنی عمر سے کہیں بڑے لوگوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔لاؤرینٹ آج کل یونیورسٹی سے گریجویشن کر رہے ہیں۔ اُن کی گریجویشن اُن کی 10 ویں سالگرہ سے پہلے 9 سال کی عمر میں ہی مکمل ہو جائے گی۔

اگر سب کچھ ٹھیک رہا اور انہوں نے نیدرلینڈ کی  اینتہوون یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی  میں اپنا فائنل پراجیکٹ مکمل کر لیا تو انہیں دسمبر میں الیکٹریکل انجینئرنگ میں  گریجویشن کی ڈگری مل جائے گی ۔ بہت سے لوگ اس پروگرام میں گریجویشن کرنے میں 3 سال لگاتے ہیں لیکن لاؤرینٹ  یہ ڈگری صرف 10 ماہ میں مکمل کریں گے۔

(جاری ہے)


لاؤرینٹ کے والدین نے  یاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں لاؤرینٹ کے دادا دادی نے اپنے پوتے کی چھوٹی عمر میں ہی بتا دیا کہ یہ بہت ذہین ہوگا لیکن انہوں نے توجہ نہ دی۔

لاؤرینٹ چار سال کی عمر میں سکول میں داخل ہوئے اور 6 سال کی عمر میں ہائی سکول پہنچ گئے۔ جلد ہی اُن کا داخلہ یونیورسٹی میں ہوگیا، جہاں پروفیسر اس ذہین بجے کو سراہے بغیر  نہ رہ سکے۔
لاؤرینٹ دسمبر میں اپنی گریجویشن مکمل کرنے کے بعد میڈیسن میں داخلہ لیں گے۔وہ مصنوعی اعضا پر کام کرنا چاہتے ہیں۔
لاؤرینٹ اگرچہ سکول سے باہر عام بچوں کی طرح رہتےہیں۔

وہ ویڈیو گیمز کھیلتےہیں، نیٹ فلکس دیکھتے ہیں اور سفر بھی کرتے ہیں۔لیکن  بہت سے لوگوں نے اُن کے والدین پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو ایسی  مشہور شخصیت بنا دیا ہے جو ہر وقت انٹرویو اور ٹی وی سپیشلز کے لیے دستیاب ہوتی ہے۔لاؤرینٹ کے والدین اُن کا سوشل میڈیا پروفائل بھی ہینڈل کرتے ہیں۔تاہم لاؤرینٹ کے والدین کا کہنا ہے کہ اُن کا بیٹا جو کچھ بھی ہے وہ اُن پر تھوپا نہیں گیا ہے بلکہ اُن کا بیٹا ایسا ہی ہے۔