نواز شریف کو لندن لے جانے والے طیارے کیلئے شریف خاندان ایک روپیہ بھی نہیں دے گا

میری اطلاعات کے مطابق قطری حکومت نے سابق وزیراعظم کو بنا کسی معاوضے کے قطر ائیرویز کا طیارہ فراہم کیا ہے: رہنما ن لیگ زبیر عمر

muhammad ali محمد علی منگل 19 نومبر 2019 21:29

نواز شریف کو لندن لے جانے والے طیارے کیلئے شریف خاندان ایک روپیہ بھی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 نومبر2019ء) رہنما ن لیگ زبیر عمر کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو لندن لے جانے والے طیارے کیلئے شریف خاندان ایک روپیہ بھی نہیں دے گا، میری اطلاعات کے مطابق قطری حکومت نے سابق وزیراعظم کو بنا کسی معاوضے کے قطر ائیرویز کا طیارہ فراہم کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق گورنر سندھ زبیر عمر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی اطلاعات کے مطابق نواز شریف کو بیرون ملک لے جانے والی ائیر ایمبولینس کیلئے شریف خاندان کو ایک روپیہ بھی نہیں دینا ہوگا۔

قطری حکومت نے خصوصی طور پر نواز شریف کیلئے قطر ائیرویز کی ائیرایمبولینس بھیجی ہے، جس کیلئے کوئی معاوضہ نہیں مانگا گیا۔ واضح رہے کہ نواز شریف منگل کے روز لندن کیلئے روانہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم محمدنواز شریف اپنی رہائشگاہ جاتی امرا ء سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پر پہنچے جہاں وہ ایئرایمبولینس میں سوار ہو کر لندن روانہ ہو گئے، اس موقع پر ان کی رہائش گاہ کے باہر موجود کارکنوں نے ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے۔

ایئرپورٹ پہنچنے پر نوازشریف کی روانگی کیلئے امیگریشن کی کارروائی مکمل کی گئی جس کے بعد ان کا ایئرایمبولینس میں چیک اپ کیا گیا، چیک اپ کے وقت نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 40 ہزار تھی،چیک اپ کے بعد ایئرایمبولینس نے لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ سے اڑان بھری۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف قافلے کی صورت میں جاتی امراء سے ایئر پورٹ پہنچے جس میں ان کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اورخاندان کے دیگر افراد بھی شامل تھے،نواز شریف،شہبازشریف، ڈاکٹر عدنان،محمدعرفان اور عابداللہ جان کے پاسپورٹ امیگریشن حکام کے حوالے کردیے گئے، ایئرایمبولینس میں دو ڈاکٹر، دوپیرامیڈیکل سٹاف اور طبی امداد کی سہولیات موجود ہیں۔

سابق وزیر اعظم کے ہمراہ پانچ لوگ ایئر ایمبولینس میں روانہ ہوئے جن میں ان کے بھائی شہباز شریف، ڈاکٹر عدنان، عابد اللہ جان اور محمد عرفان شامل ہیں، نواز شریف ایئر بس اے 319-133LR A7MED کے ذریعے دوحہ کے راستے برطانیہ جائیں گے۔