مردان میں ریسکیو اہلکاروں نے بے ہوش ہونے والی لڑکی کے ساتھ بڑی نیکی کر دی

ریسکیو اہلکاروں نے روڈ ٹریفک حادثے میں بے ہوش ہونے والی لڑکی سے ملنے والی نقدی اور سامان اپنے پاس محفوظ کر لیا اور پھر بعد میں لواحقین کے حوالے کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 22 نومبر 2019 17:16

مردان میں ریسکیو اہلکاروں نے بے ہوش ہونے والی لڑکی کے ساتھ بڑی نیکی ..
مردان(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22نومبر 2019ء) میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مردان میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ایک بار پھر پیشہ ورانہ ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے بڑی مثال قائم کر دی۔ اہلکاروں نے ایک ٹریفک حادثے کے دوران بے ہوش ہو جانے والی لڑکی سے ملنے والی نقدی اور دیگر سامان لواحقین کے حوالے کر دیا۔ ریسکیو 1122 مردان کے ترجمان بلال جلا ل نے اس بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان کے شیخ ملتون چوک میں ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا جب بارہویں جماعت کی طالبہ مسماة (ا) سڑک عبور کرنے کے دوران سوزوکی پک اپ کی ٹکر لگنے کے بعد زمین پر جا گری اور شدید زخمی ہو گئی۔

سنگ دِل ڈرائیور اس حادثے کے بعد رُکنے کی بجائے موقع سے فرار ہو گیا۔ جبکہ مسماة (ا) نیم بے ہوشی کی حالت میں سڑک پر لاوارث پڑی رہی۔

(جاری ہے)

راہگیروں نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع کر دی۔ چند منٹوں کے اندر اندر طبی امداد کی ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لڑکی کو ابتدائی طبی امداد دی اور اس کے پاس موجود قیمتی سامان اور رقم امانت کے طور پر اپنے پاس رکھ لی۔

پھر اس شدید زخمی لڑکی کو ایمبولینس میں منتقل کر کے ایم ایم سی ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے اس کا علاج شروع کر دیا گیا ہے اور اس کی حالت اب تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔بعد میں ریسکیو 1122 کنٹرول روم نے مسماة (ا) کے لواحقین سے رابطہ کر کے اُنہیں اُس کے ساتھ پیش آنے والے حادثے سے آگاہ کیا اور پھر اُن سے ملاقات کے دوران طالبہ سے ملنے والی ساری رقم اور دیگر سامان اُن کے حوالے کر دیا۔

جس پر لواحقین نے ریسکیو اہلکاروں کا اُن کی ایمانداری پر بہت شکریہ ادا کیا۔ جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی کمال شاہ نے ایمانداری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے پر سٹیشن انچارج شوکت علی، میڈیکل ٹیکنیشن امجد اور ایمبولینس ڈرائیور آصف رضا کو تعریفی اسناد دیتے ہوئے ان کے اس احسن اقدام کو بے حد سراہا۔