یہ پنیر سوئیڈن کے ایک چھوٹے سے گاؤں کے سوا کہیں نہیں بن سکتا۔ اس کی وجہ کسی کو معلوم نہیں

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 27 نومبر 2019 22:57

یہ پنیر سوئیڈن کے ایک چھوٹے سے گاؤں کے سوا کہیں نہیں بن سکتا۔ اس کی وجہ ..

وستربوتن پنیر(Västerbottensost cheese) کو سوئیڈن میں تمام پنیروں کا بادشاہ کہا جاتا ہے۔ لوگ اس کے الگ سے ذائقے اور کریم نما شکل کی وجہ سے کافی پسند کرتے ہیں۔ سوئیڈن کے لوگ اسے بہت سے کھانوں میں استعمال کرتے ہیں۔اس پنیر کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے صرف سوئیڈن  میں برتراسک کے ایک گاؤں  کی فیکٹری میں ہی بنایا جا سکتا ہے۔بہت سے لوگوں نے اسے  سوئیڈن کے ہی دوسرے مقامات پر بھی تیار کرنے کی کوشش کی ہے لیکن وہ ایسا پنیر تیار کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

وستربوتن پنیر کو صرف  مخصوص  گاؤں میں ہی کیوں تیار کیا جاسکتا ہے؟  یہ معمہ ابھی تک حل نہیں ہوا ہے۔حد تو یہ ہے کہ اس پنیر کو برتراسک کے قریب واقع شہروں میں بھی نہیں بنایا جا سکا۔ماہرین نے ہر جگہ وستربوتن پنیر کی ترکیب اور طریقے کو استعمال کیا لیکن  کسی پنیر میں وستربوتن پنیر جیسا ذائقہ نہیں آ سکا۔

(جاری ہے)

 

کہا جا رہا ہے  اس علاقے میں بہت عرصہ پہلے ایک شہاب ثاقب گرا تھا، جس سے ایک علاقے میں جھیل بن گئی تھی۔

اس جھیل کی وجہ سے علاقے کی  مٹی میں کیلشیم کی مقدار بڑھ گئی ہے۔اس کا اثر دودھ اور پنیر پر بھی پڑتا ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ وستربوتن پنیر کے ذائقے کی وجہ  اس کی شیلفوں کا مخصوص لکڑی سے بنا ہونا بھی ہے۔کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ  ڈیری فیکٹری کی آب و ہوا ہی اس مخصوص ذائقے کی وجہ ہے۔

ماہرین نے  وستربوتن  اور  برتراسک ڈیری فیکٹری  کا ڈی این اے تجزیہ بھی کیا ہے لیکن وہ بھی کوئی ناقابل تردید  وضاحت پیش نہیں کر سکے۔

وستربوتن  پنیر کو جس فیکٹری میں بنایا جاتا ہے، اس  کو بڑھایا گیا تو  پرانی فیکٹری اور نئی تعمیر شدہ عمارت میں ہوا کی آمد و رفت کے راستے چھوڑے گئے تاکہ  اگر پنیرکے ذائقے کی وجہ فیکٹری کی آب و ہوا ہے تو    اس سے ذائقہ متاثر نہ ہو۔