افغانستان، حصول تعلیم کیلئے بچیوں کا والد کے ساتھ روزانہ 12 کلومیٹر کا سفر

جمعرات 5 دسمبر 2019 10:55

کابل۔ 05دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) افغان صوبہ پکتیکا کے مکین میاخان روزانہ اپنی بیٹیوں کو موٹرسائیکل پر 12 کلومیٹر کا سفر طے کرکے سکول چھوڑتے اور واپس گھر لے جاتے ہیں۔ افغان ذرائع ابلاغ کو مطابق پکتیکا کے دارالحکومت شرنہ کے رہائشی میا خان کا کہنا ہے کہ میں ایک ان پڑھ شخص ہوں، اور روزانہ اجرت کی بنیاد پر کام کرتا ہوں، لیکن میری بیٹی کی تعلیم میرے لیے بہت قیمتی ہے کیونکہ ہمارے علاقے میں کوئی خاتون ڈاکٹر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

میری یہ دیرینہ خواہش ہے کہ میں اپنی بیٹیوں کو بھی بیٹوں کی طرح تعلیم دوں۔ میاخان کی ایک بیٹی کا کہنا ہے کہ میں بہت خوش ہوں کہ میں تعلیم حاصل کر رہی ہوں، میں چھٹی جماعت میں پڑھتی ہوں، میرے والد ہمیں روزانہ سکول پڑھنے کے لیے لاتے ہیں اور سکول سے چھٹی کے بعد گھر لے جاتے ہیں۔واضح رہے کہ سویڈش کمیٹی برائے افغانستان نے پکتیکا صوبے میں کمیونٹی کی بنیاد پر سینکڑوں کی تعداد میں سکول قائم کئے ہیں جن میں زیادہ تر لڑکیاں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :