Live Updates

گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیکٹو نے ملک کی خاطر استعفیٰ دے دیا

انٹرنیٹ کی رسائی ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے، ملک میں ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر قائم کیا جائے گا،تانیہ اید روس

جمعرات 5 دسمبر 2019 17:04

گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیکٹو نے ملک کی خاطر استعفیٰ دے دیا
سنگا پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2019ء) وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے منصوبے کے لیے گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیکٹو تانیہ ایدروس نے جذبہ حب الوطنی کے تحت استعفیٰ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق گوگل کی سینئر پاکستانی ایگزیکٹو تانیہ ایدروس مستعفی ہو کر سنگاپور سے پاکستان پہنچ گئیں، تانیہ ایدروس پاکستان کے پہلے ڈیجیٹل وڑن کی سربراہی کریں گی۔

پاکستان پہنچنے کے بعد تانیہ ایدروس نے بتایا کہ میں 20 سال سے بیرون ملک مقیم تھی اور پاکستان کے لیے کچھ کرنا چاہتی تھی، جب یہ حکومت آئی تو لوگوں کو محسوس ہوا ملک جا کر کچھ کرنا چاہیے، وزیر اعظم عمران خان اور جہانگیر ترین سے اہم رابطے ہوئے، حکومت نے ڈیجیٹلائزیشن کے انقلابی منصوبے سے آگاہ کیا، منصوبے کے تحت 5 اہم مرحلوں پر کام تیز کیا جائے گا، عوام کی انٹرنیٹ تک رسائی اور روابط کو فروغ دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی رسائی ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے، ملک میں ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر قائم کیا جائے گا تاکہ کام تیز اور بہتر ہو، ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر بنانا حکومت کا کام ہے، وزیر اعظم عمران خان کا وڑن ہے کہ ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کی طرف جائیں، پاکستان کی 70 ملین آبادی انٹرنیٹ استعمال کر رہی ہے، پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں انقلاب لایا جا سکتا ہے۔

تانیہ ایدروس نے کہاکہ ای گورنمنٹ سے حکومتی فیصلوں کو پیپرلیس بنایا جائے گا، عوام کو چھوٹی چیزوں کے لیے لائنوں میں کھڑا کر دیا جاتا ہے، فنگر پرنٹس کے باوجود لائنوں میں کھڑا رکھنے کا جواز نہیں، شہری کی شناخت کو ڈیجیٹل طریقے سے استعمال کیا جائے گا، ڈیجیٹل اسکلنگ سے نوجوانوں کو معیاری اسکلز ملیں گی، کاروبار کے لیے بینکنگ نظام، سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول دیں گے۔انھوں نے کہا کہ صوبوں اور ایجنسیز کے ذریعے اس خواب کو حقیقت میں بدلیں گے، راتوں رات تبدیلی نہیں ہوگی مگر مستقبل میں زبردست نتائج سامنے آئیں گے، پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات