راجن پور،حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے عرس کی تقریبات کوٹ مٹھن میں اختتام پذیر ہو گئیں

جمعرات 5 دسمبر 2019 18:39

راجن پور،حضرت خواجہ غلام فریدؒ کے عرس کی تقریبات کوٹ مٹھن میں اختتام ..
راجن پور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) برصغیر کے ہفت زبان شاعر صوفی بزرگ حضرت خواجہ غلام فرید رحمتہ اللہ علیہ کے 122ویں 3 روزہ عرس کی تقریبات کوٹمٹھن میں اختتام پذیر ہو گئیں۔ دربار فرید میں قومی خواجہ فرید کانفرنس منعقد ہوئی جس میں رکن قومی اسمبلی رانا محمد قاسم نون، صوبائی وزیر آبپاشی سردار محمد محسن خان لغاری،صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک،صوبائی وزیر جیل خانہ جات چوھدری محمد زوار وڑائچ ، چیئرمین قائمہ کمیٹی لوکل گورنمنٹ پنجاب ایم پی اے سردار فاروق امان اللہ خان دریشک،سابق وفاقی وزیر مذہبی امور علامہ حامد سعید کاظمی،دربار پاکپتن شریف کے سجادہ نشین پیر دیوان حامد مسعود چشتی، فرزندگان فرید خواجہ کلیم الدین کوریجہ، خواجہ شریف عامر کوریجہ،خواجہ غلام فرید کوریجہ، خواجہ راول معین کوریجہ، دربار نور محمد نارووالا سرکار حاجی پور شریف خواجہ صلح محمد، دربار عالیہ بڈھن شریف کے سجادہ نشیں پیر خواجہ فیض المصطفیٰ شاہجمالی سمیت ملک بھر سے سجادگان مشائخ عظام اور ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے صوبائی وزراء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلطان العاشقین حضرت خواجہ غلام فرید رح نے اپنی شاعری اور تصوف سے دین سے دوری اور بھٹکے ہوئوں کو عجز و انکساری، امن، محبت، رواداری، اخوت، بھائی چارہ کے زریعے اپنی طرف مائل کرکے راہ راست پہ لاکر دین اور انسانیت کی قدر و منزلت سے آشنائیت دی، آپکی تعلیمات مذہب اور فرقہ پرستی سے بالاتر ہوکر ہر انسان کیلئے ہیں۔

اختتامی تقریب سے سجادہ نشین دربار عالیہ خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر خانوادہ فرید رح خواجہ کلیم الدین کوریجہ نے "اے پی پی" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلطان العاشقین حضرت خواجہ غلام فرید رح کے عرس پر پاکستان کے تمام صوبوں کیساتھ ساتھ غیر ملک میں مقیم عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہیں کھانے اور رہائش کی تمام تر سہولیات فراہم کی گئیں۔عرس کے موقع پر دربار کو خوبصورت لائیٹس، برقی قمقوں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا، جبکہ نعت خوانی، قوالی کے دن رات جاری رہنے والے پروگرامز نے عوام، عقیدت مندوں میں وجد کی کیفیت جاری رکھی۔ تقریبات کے اختتام پر سجادہ نشین دربار عالیہ خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے اختتامی دعا کرائی۔