چیف الیکشن کمشنر ریٹائرمنٹ کے بعد 45 دنوں تک عہدہ پر رہ کر کام کر سکتے ہیں

جمعرات 5 دسمبر 2019 20:02

چیف الیکشن کمشنر ریٹائرمنٹ کے بعد 45 دنوں تک عہدہ پر رہ کر کام کر سکتے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر ریٹائرمنٹ کے بعد 45 دنوں تک عہدہ پر رہ کر کام کر سکتے ہیں۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے لئے جو چھ نام سامنے آئے ہیں بہت اچھے ہیں، دونوں اطراف سے مل بیٹھ کر یہ طے کرنا ہے کہ کس کو چیف الیکشن کمیشن بنانا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے کسی ایک نام پر اتفاق رائے نہیں ہو تا تو یہ بڑی بدقسمتی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر ریٹائرمنٹ کے بعد 45 دنوں تک اس عہدہ پر رہ کر کام کر سکتے ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ چیف الیکشن کمشنر نے بہت اچھا کام کیا۔ طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ پارلیمنٹ کے معاملات پارلیمنٹ کے اندر طے ہونے چاہئیں لیکن پارلیمنٹ کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ احتساب سب کا اور بلا تفریق ہونا چاہیے، جن لوگوں نے بھی مقروض قوم کے ساتھ کھلواڑ کرنے سے نہیں ڈری ان کا احتساب ہونا چاہیے۔