بابا گرونانک کی پیدائش پر چھٹی کا اعلان

وزارت داخلہ کی جانب سے پہلی بار باباگرونانک کی پیدائش پر اختیاری تعطیل کا اعلان کر دیا گیا

Usama Ch اسامہ چوہدری جمعہ 6 دسمبر 2019 22:33

بابا گرونانک کی پیدائش پر چھٹی کا اعلان
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 06دسمبر2019) : بابا گرونانک کی پیدائش پر چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ وزارت داخلہ کی جانب سے پہلی بار باباگرونانک کی پیدائش پر اختیاری تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔حکومت پاکستان نے 2020 کے لئے عام تعطیل کا شیڈول جاری کیا ہے۔ پہلی بار سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کی پیدائش کو بھی اختیاری تعطیل کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق ، مسلم ملازمین اختیاری تعطیلات کے دوران ایک ہی تعطیل کے حقدار ہوں گے۔ تاہم ، اقلیتی ملازمین اپنے مذہبی تہواروں کے لئے تین دن چھٹی کرسکیں گے۔ پھر بھی ، انہیں اپنے اعلیٰ افسران سے اجازت لینے کی ضرورت درپیش ہوگی۔مسلمانوں کے علاوہ عیسائی ، ہندو ، فارسی ، بدھ ، اور سکھ کے تہواروں کی تعطیلات کو بھی تعطیلاتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

یا د رہے کہ وزات داخلہ کی جانب سے 2020 کی تعطیلات کا کیلنڈر جاری کر دیاگیا تھا، جس میں پبلک، آپشنل اور بینک تعطیلات شامل تھیں، مجموعی طور پر سالانہ تعطیلات کی تعداد 36 ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے آئندہ سال 2020کیلئے قومی ایام اور مذہبی تہواروں پر عام اور اختیاری تعطیلات کا سالانہ کیلنڈر جاری کر دیا تھا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق سال 2020 میں 10 عوامی تعطیلات ہوں گی، جس میں عیدالفطر، عیدالاضحی، کشمیر ڈے ، مزدوروں کا دن، یوم پاکستان ، یوم عاشورہ ، عید میلادالنبی اور قائداعظم کی سالگرہ کے دن شامل ہیں۔

سرکلر کے مطابق 5 فروری 2020 کشمیر ڈے، 23 مارچ 2020 کو یوم پاکستان، یکم مئی کو یوم مزدور کے موقع پر بالترتیب ایک، ایک دن کی عام تعطیل ہو گی۔ عیدالفطر پر 25، 26 اور 27 مئی 2020 کی تین تعطیل ہوں گی، چاند کی رویت سے اس میں ردوبدل کیا جا سکے گا، اسی طرح عیدالاضحی پر 31 جولائی، یکم اور 2 اگست 2020 کی تین چھٹیاں ہوں گی جبکہ یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست کو عام تعطیل ہو گی۔

کیلنڈر کے مطابق عاشورہ محروم (9، 10 محرم) کے حوالہ سے بمطابق 29 اور 30 اگست کو 2 چھٹیاں ہوں گی اور عید میلادالنبی کے حوالہ سے 12 ربیع الاول 1442ھ بمطابق 30 اکتوبر کو عام تعطیل ہو گی۔ قائد اعظم کی سالگرہ اوت کرسمس کے حوالہ سے 25 دسمبر 2020کو چھٹی ہو گی اور 26 دسمبر 2020 کو (صرف مسیحی برادری) کیلئے اختیاری چھٹی ہوگی۔ وزارت داخلہ کے سرکلر میں سال 2020کیلئے بینک تعطیلات کا بھی اعلان کیا گیاتھا، ان تعطیلات پر مائیکرو فنانس بینک عوام الناس کیلئے بند رہیں گے تاہم اپنے ملازمین کیلئے کھلے ہوں گے، جس میں یکم جنوری ، 24 اپریل کو 1 رمضان اور یکم جولائی کی تعطیلات کا شامل ہیں۔