امریکا نے عراق میں احتجاج روکنے پر چار اہم عراقی لیڈروں کو بلیک لسٹ کر دیا

بلیک لسٹ کیئے جانے والے چاروں افراد پر ایران کی حمایت حاصل ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 7 دسمبر 2019 09:54

امریکا نے عراق میں احتجاج روکنے پر چار اہم عراقی لیڈروں کو بلیک لسٹ ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 دسمبر ۔2019ء) امریکا نے عراق میں پرامن مظاہرین کو احتجاج سے روکنے اور مظاہروں کو کچلنے کے الزام میں چار اہم عراقی لیڈروں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے‘امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے عصائب اھل الحق نامی گروپ کے سربراہ قیس خزعلی اور اس کے بھائی لیث خز علی کوبھی بلیک لسٹ کر دیا ہے قیس خزعلی پر ایران کے ساتھ قربت اور تہران کے ایماءپر عراقی مظاہرین کے خلاف کریک ڈاﺅن میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے.

(جاری ہے)

اس کے علاوہ امریکا نے پاپولر موبلائزیشن فورسز الحشد کے ایک سیکیورٹی اہلکار حسین فلاح اللامی کو بھی بلیک لسٹ کیا ہے‘امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے ایک عراقی کاروباری شخصیت خمیس العیساوی پرعائد کی گئی پہلی پابندیوں میں توسیع کی ہے العیساوی پر سرکاری عہدیداروں کو رشوت دینے اور بدعنوانی میں ملوث ہونے کا الزام عاید کیا جاتا ہے. امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ پابندیاں خونی مظاہروں کے بعد انسانی حقوق کی پامالی یا بدعنوانی کی وجہ سے لگائی گئیں‘محکمہ خزانہ نے کہا کہ جن چارعراقی لیڈروں پر اقتصادی پابندیاں عائدکی گئی ہیں وہ عراق میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، مظاہرین کے خلاف خونی کریک ڈاﺅن اور ایران کے ساتھ تعلقات جیسے جرائم میں ملوث ہیں.

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا ہے عراقی عوام اپنے ملک کو دہشت گردوں اور کرپٹ عناصر سے آزاد کرانا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ عراق میں جاری تشدد کے خاتمے کے لیے حکومت کو مخلص اصلاحات، احتساب اور قابل اعتماد قیادت کو سامنے لانا ہوگا جو عراق کے مفادات کو پہلی ترجیح دیتے ہیں. عرب نشریاتی ادارے کے مطابقامریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے مطابق ان کا ملک اپنا قانونی اختیار استعمال کرے گا تا کہ عراقیوں کی دولت لوٹنے والی بدعنوان شخصیات اور مظاہرہ کرنے والے شہریوں کو ہلاک اور زخمی کرنے والوں پر پابندیاں عائد کی جا سکیں.

اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ کے معاون ڈیوڈ شنکر نے ا±ن پابندیوں کا عندیہ دیا تھا جو واشنگٹن کی جانب سے عراق میں عہدیدران کے خلاف لگائی جا سکتی ہیں شنکر نے مظاہرین کے خلاف طاقت کے خوف ناک اور شنیع استعمال کی مذمت کی. ادھر بغداد میں تحریر اسکوائر پر موجود طبی کارکنان کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ حکومت میں شامل سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے نامعلوم عناصر نے مظاہرین کے خلاف چاقو مارنے کی کارروائیاں کیں‘ عراق کے صدر برہم صالح نے شام کے لیے امریکی ایلچی جیمز جیفری اور عراق میں امریکی سفیر میتھیو ٹولر سے ملاقات کی اس دوران خطے کی تازہ صورت حال اور عراق کے امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحات کے طریقہ کار پر بات چیت ہوئی.

عراق میں نگراں حکومت کے سربراہ عادل عبدالمہدی نے بھی امریکی ایلچی جیمز جیفری اور دیگر ذمے داران کے ساتھ ملاقات کی ملاقات میں بین الاقوامی اتحادی فورسز کے کمانڈر پیٹرک وائٹ اور مشرق وسطی کے امور کے لیے امریکی نائب وزیر دفاع کرس مائر بھی موجود تھے اس دوران داعش تنظیم کی باقیات سے نمٹنے کے لیے تعاون کی صورتوں اور عراقی فوج کے لیے بین الاقوامی اتحادی فورسز کی سپورٹ پر تبادلہ خیال ہوا.