خسارے میں کمی ،نئے منافع بخش راستوں کے سفر کے آغاز سے پی آئی اے کو منافع بخش قومی ادارہ بنایا جا سکتا ہے‘ عرفان اقبال شیخ

پی آئی اے پاکستان کی شناخت ہے ،تاہم اسے مثالی اور منا فع بخش بنانے کیلئے جدید تقاضوں پر استوار کرنا نہایت ضروری ہے، صدر لاہور چیمبر

ہفتہ 7 دسمبر 2019 14:42

خسارے میں کمی ،نئے منافع بخش راستوں کے سفر کے آغاز سے پی آئی اے کو منافع ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2019ء) لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ پیشہ ورانہ مہارت، خسارے میں کمی ،تربیت یافتہ افرادی قوت اور نئے منافع بخش راستوں کے سفر کے آغاز سے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کو منافع بخش قومی ادارہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ڈسٹرکٹ مینیجر سلیم اللہ خان شاہانی سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے دوران کیا۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد ، سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر عاقب آصف اور پی آئی اے کے اسسٹنٹ پیسنجرز سیلز مینیجر محمد زمان خان نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔ صدر لاہو رچیمبر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ پی آئی اے پاکستان کی شناخت ہے ،تاہم اسے مثالی اور منا فع بخش بنانے کیلئے جدید تقاضوں پر استوار کرنا نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن دنیا کی اہم ترین عالمی صنعتوں میں سے ایک ہے جو ممالک کے مابین افرادی ، ثقافتی ، کاروبار ی روابط قائم کرنے اور سیاحت کے فروغ میں معاون ثابت ہوتی ہے۔ ایئرلائن انڈسٹری کا معیشت اور روزگار کی فراہمی میں کردار بہت اہم ہے، عالمی سطح پر یہ شعبہ تیزی سے ترقی کررہا ہے۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ پی آئی اے میں اصلاحات دیکھنے میں آرہی ہیں، مگر اب بھی بہت سے مسائل پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی اے انجینئرنگ کے شعبے میں خصوصی توجہ دے رہا ہے اوراب ملک کے کئی شہروں میں طیاروں کی دیکھ بھال کا کام کیا جاتا ہے،جوکہ بہت اچھی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے بھی نہایت اہم ہے ۔ پی آئی اے دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرتا ہے تاہم اسے دنیا ایک پیغام دینا چاہیے کہ پاکستان غیر ملکیوں کیلئے نہایت پُر امن اور محفوظ ملک ہے۔

انہوں نے مزیدکہا کہ نئے طیاروں کو قومی ایئر لائن میں شامل کیا جانا چاہیے اور ساتھ ہی نئے روٹس شروع کرنے چاہئیں۔ انہوں نے لاہور چیمبر میں ممبران کی سہولت کیلئے پی آئی اے کے ذیلی دفتر کے قیام کی تجویز پیش کی۔ نائب صدر لاہور چیمبر میاں زاہد جاوید احمد نے کہا کہ پاکستان میں ذہانت کی کوئی کمی نہیں، تربیت یافتہ عملہ پی آئی کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ مینیجر سلیم اللہ شاہانی نے کہا کہ ادارے کی کارکردگی بہتر سمت میں جا رہی ہے، خسارہ میں کمی آرہی ہے اور نئی پروازوں کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے لاہور چیمبر آف کامرس کے سٹریٹیجک اتحاد کرنا چاہتا ہے۔