شدید سردی پڑنے والی ہے،ملک کے متعدد علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

شمال مغربی بلوچستان،بالائی خبیرپختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 10 دسمبر 2019 12:39

شدید سردی پڑنے والی ہے،ملک کے متعدد علاقوں میں بارش کی پیشگوئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 دسمبر2019ء) محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا جب کہ شمال مغربی بلوچستان،بالائی خبیرپختونخوا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔وفاقی دارالحکومت میں منگل صبح ہلکے بادل چھائے رہے اور سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ 18 تک جا سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے اضلاع نارووال ، سیالکوٹ ، گجرانوالہ، لاہور اور بہاولپور کے اضلاع میں صبح کے وقت ہلکی دھند پڑے کے امکان ہے تاہم دیگر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

(جاری ہے)

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم بالائی سندھ میں چند مقامات پر صبح کے اوقات میں ہلکی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے،بلوچستان میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم کوئٹہ، پشین ، قلعی عبداللہ ، چاغی اور تربت کے اضلاع میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں پیر کی صبح ہلکے بادل چھائے رہے اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہا۔تاہم نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور اور بہاولپور میں چند مقامات پر صبح اور رات کے وقت دھند پڑی۔خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا، ضلع کرم میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہا تھا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہا تاہم کوئٹہ اور مکران ڈویڑن میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔سب سے زیادہ سردی استور میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔