انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کریں، علی امین گنڈاپور

ہندو انتہا پسند بھارت اقلیتوں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امن کے لیے بھی انتہائی خطرناک ثابت ہو گا، وفاقی وزیر امور کشمیر

منگل 10 دسمبر 2019 16:13

انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی روک تھام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2019ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہاہے کہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کریں۔ ایک بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہاکہ انسانی حقوق کے عالمی اداروں نے اپنی رپورٹس میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے، بھارت پرعالمی دباؤ میں اضافہ اور بھارت پر اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں۔

انہوںنے کہاکہ ہندو انتہاپسند بھارت میں اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے ایک بڑ ا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، بھارت کے تمام ادارے ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی اور آر ایس ایس کے ایجنٹس بن چکے ہیں، بھارت کی تمام اقلیتں ہندو انتہا پسندوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ بھارت میں نام نہاد سیکولرازم بھی دفن ہو چکا ہے، ہندو انتہا پسند بھارت اقلیتوں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امن کے لیے بھی انتہائی خطرناک ثابت ہو گا۔

انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کو خطے میں اس خطر ناک صور ت حال کا بروقت نوٹس لینا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کے قتل عام کے حوالے سیایک المناک مثال بن چکا ہے۔انہوںنے کہاکہ عالمی برادری کو انسانیت کے لیے اپنے معاشی و سیاسی مفادات ترک کرنے ہوں گے ۔ انہوںنے کہاکہ عالمی برادری آج کے دن یہ عزم کرے کہ انسانی حقوق کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کریں گے۔